اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے موقعے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائدِ عوام بانئ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے بعد عوام کے مقبول ترین رہنما تھے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ذوالفقار علی بھٹو کا یومِ ولادت منایا جارہا ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اس موقعے پر جاری خصوصی پیغام میں کہا کہ ذوالفقار بھٹو عوام کی طاقت کی علامت تھے، ان کا نظریہ جدوجہد اور قربانی ملک کیلئے لازوال رہے۔
بلاول ہاؤس میڈیا سیل سے جاری پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے نظرئیے کو مٹانے کی کوشش کرنے والے تاریخ میں بے نام و نشان رہ گئے، بھٹو کا نام ملک کے گلی گوچوں، دنیا کے کونے کونے میں گونجتا نظر آتا ہے جو مقبول ترین لیڈر تھے۔
پیغام میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے خلوص و تدبر، محنت اور لگن سے ملک کو سیاسی و معاشی اعتبار سے ترقی دی۔ شہید بھٹو نے عوام کو سیاسی شعور دینے اور بااختیار بنانے کے علاوہ پہلا متفقہ آئین بھی دیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو اس کا جوہری پروگرام دیا، ہمیں اسلامی دنیا کا مرکز بنادیا، پاک چین تعلقات کی بنیاد بھی رکھ دی۔ دونوں ممالک کے تعلقات اٹوٹ دوستی میں تبدیل کرنا ان کا طرۂ امتیاز رہا۔ انہوں نے مزدوروں کو ٹریڈ یونینز کا حق بھی دیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نطیر بھٹو نے زندگی بھر ذوالفقار علی بھٹو کا مشن پایۂ تکمیل تک پہنچانے کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جان تک کی پرواہ نہ کی۔ ہم پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار بھٹو کے نظرئیے اور مشن کی روشنی میں پاکستان کو اسلامی دنیا کا رول ماڈل بنائیں گے۔