بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف کی طبیعت کی ناسازی پر افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دل میں انسانیت نام کی کوئی چیز نہیں۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی علالت پر فکر مندی کا اظہار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد کو خدانخواستہ کچھ ہوگیا تو اس کی ذمہ داری عمران خان پر ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن کے مطالبے پراستعفیٰ نہیں دوں گا، وزیراعظم کادوٹوک اعلان
پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف کی خرابی صحت کی خبریں سن کر سخت فکر ہو رہی ہے۔ دُعا کرتا ہوں کہ خدا نواز شریف کو جلد صحت یاب فرمائے جبکہ اپوزیشن رہنماؤں سے سیاسی انتقام لیا جارہا ہے۔
نواز شریف کے اہل خانہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دورانِ قید سابق وزیر اعظم کی علالت سے ان کے گھر والے کس اذیت سے گزر رہے ہوں گے، کوئی نہیں بتا سکتا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف دونوں عوام دشمن حکومت کے خلاف کھڑے ہوئے جن کے خلاف احتساب کے نام پر انتقامی کارروائی شروع کردی گئی۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا وزیر اعظم عمران خان کا یہ بیان کہ میں کسی کو چھوڑوں گا نہیں، اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اپوزیشن رہنماؤں کی زندگیوں سے کھیلنا چاہتے ہیں؟
یاد رہے کہ اس سے قبل سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کے لیے عدالت میں قومی اسمبلی کے قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف نے درخواست دائر کردی۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اپنے حقیقی بھائی کی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف کی صحت کی صورتحال تشویشناک ہے، بیرونِ ملک یا پاکستان میں ہی علاج کے لیے ضمانت پر رہائی دی جائے۔
مزید پڑھیں: عدالت میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کی درخواست دائر