پاکستان کے 15 نامزد بینکوں نے آج سے سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی شروع کر دی ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق درخواست دہندگان کو درخواست کے ساتھ 200000 روپے جمع کروانا ہوں گے جبکہ دوسری قسط قرعہ اندازی کے 10 دن بعد وصول کی جائے گی۔ دوسری قسط کی رقم 400000 روپے ہے، جو یکم سے 10 فروری 2025 کے دوران ادا کرنا ہوگی۔
سال 2025 میں مجموعی طور پر 179210 پاکستانی عازمین حج کریں گے، جن میں سے سرکاری حج اسکیم کے تحت 89605 کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت اسپانسرشپ کے لیے 5000 نشستیں مختص کی گئی ہیں، جس میں شرکت کے لیے مکمل رقم ڈالرز میں بینکنگ چینل کے ذریعے جمع کروانا ضروری ہے۔ اسپانسرشپ اسکیم “پہلے آئیے، پہلے پائیے” کی بنیاد پر چلائی جائے گی اور اس میں قرعہ اندازی نہیں ہوگی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج پیکیج میں ہوائی سفر، کھانے، تربیت، مکتب اور ویکسین کی سہولیات شامل ہیں۔
حکومتی حج اسکیم کا روایتی طویل پیکیج 38 سے 42 دنوں پر مشتمل ہوگا جبکہ مختصر پیکیج 20 سے 25 دنوں کا ہوگا۔
خواتین کو بغیر محرم حج کرنے کی اجازت ہوگی بشرطیکہ وہ کسی گروپ کا حصہ ہوں۔ تاہم، شدید بیماریوں میں مبتلا افراد اور مکمل حمل والی خواتین کو حج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بارہ سال سے کم عمر کے بچوں کو والدین کے ساتھ حج کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ حج درخواستیں 18 نومبر سے 3 دسمبر تک جمع کی جا سکیں گی، جبکہ قرعہ اندازی 6 دسمبر کو ہوگی۔