ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان پر حملہ کرنے والا شخص بنگلہ دیشی شہری اور قومی سطح پر پہلوان رہ چکا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 15 اور 16 جنوری کی درمیانی شب تقریباً 3 بجے پیش آیا، جب ممبئی کے علاقے باندرا میں سیف علی خان کے اپارٹمنٹ میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی۔ اداکار نے مزاحمت کرتے ہوئے ملزم کو روکنے کی کوشش کی، لیکن اس دوران حملہ آور نے چاقو سے حملہ کر دیا، جس سے سیف علی خان شدید زخمی ہو گئے۔
اداکار کو چاقو کے چھ زخم آئے، جن میں سے دو گہرے تھے، اور ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب تھا۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دو گھنٹے طویل سرجری کے بعد ان کی حالت بہتر ہوئی، اور انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
یاسر نواز کا فیروز خان کے بارے میں دعویٰ، انڈسٹری میں بحث کا باعث بن گیا
ممبئی پولیس نے بتایا کہ ملزم کی شناخت 30 سالہ محمد شریف الاسلام شہزاد کے نام سے ہوئی ہے، جو بنگلہ دیشی شہری ہے اور اپنے ملک میں قومی سطح پر پہلوان رہ چکا ہے۔
تحقیقات کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنی جسمانی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے اداکار پر کئی حملے کیے۔ مزید یہ کہ اس پر پہلے بھی ایک ہیرا چوری کرنے کا الزام ہے۔
یہ واقعہ سیف علی خان کے مداحوں اور انڈسٹری میں تشویش کا باعث بن گیا ہے، جبکہ پولیس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔