باکو: معروف ترک ڈارما سیریز درلس ارطغرل آذر بائیجان کے سرکاری چینل پربھی نشر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ترک خبر رساں ادارے کے مطابق آذر بائیجان کے سرکاری ٹیلی وژن اے زیڈ ٹی وی نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ ڈراما نشر کرنے کے حقوق حاصل کرلیے گئے ہیں اور اس پر کام شروع کردیا گیا۔
”ارطغرل غازی“ 2014میں شروع ہونے کے بعد ہی آذر بائیجان میں مقبول ہونا شروع ہوگیا تھا۔آذری سرکاری چینل کے مطابق ڈرامے کی 150 اقساط کی ڈبنگ اور ایڈیٹنگ کے کام کا آغاز شروع کردیا گیا ہے۔
سرکاری چینل پر یہ ڈراما ہفتے کے پانچ روز نشر کرے گا، واضح رہے اس سے قبل پاکستان میں ترکش ڈرامہ ”ارطغرل غازی“ کو سرکاری ٹیلی وژن پر نشر کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور گزشتہ برس وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اس کے لیے باقاعدہ ہدایات جاری کیں جس کے بعدے سے پاکستان ٹیلی وژن پر یہ ڈرامہ اردو ڈبنگ کے ساتھ نشر کیا جارہا ہے۔
اس ڈرامے کی خاص بات یہ ہے کہ خلافت عثمانیہ کے قیام سے قبل کے ترک خطے اور اسلامی دنیا کے حالات پر بنائی گئی یہ ٹی وی سیریز مسلم دنیا اور بالخصوص پاکستان میں مقبولیت کے اگلے پچھلے ریکارڈ توڑ چکی ہے۔
واضح رہے کہ آرمینیا کے ساتھ سرحدی تنازعے پر شروع ہونے والی مسلح جھڑپوں میں بھی ترکی نے آذر بائیجان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا تھا جس کی وجہ سے دونوں ممالک کی قربتوں میں اضافہ ہوا ہے اور اقدام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔