ڈپٹی وزیرِاعظم محمد اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ لاہور میں حضرت داتا گنج بخش ہجویری کے مزار پر چھ سو پچاس ملین روپے کی لاگت سے خودکار چھتریاں نصب کی جائیں گی۔
مزار کے دورے کے دوران انہوں نے متعلقہ حکام کو ترقیاتی کاموں کی معیار کو یقینی بنانے اور انہیں تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے انہیں مزار پر جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔اس سے قبل، ڈپٹی وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے فاتحہ خوانی کی اور ملک کی خوشحالی کے لیے دعا کی۔
داتا دربار جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا صوفی مزار ہے اور لاکھوں لوگوں کے لیے ایک اہم روحانی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ مزار حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش کے نام سے منسوب ہے، جو گیارہویں صدی کے ایک مشہور صوفی بزرگ تھے۔
شاہ رخ خان نے بیٹے کے ہمراہ عمرہ ادا کرلیا۔ کتنی حقیقت، کتنا افسانہ؟
مزار کی تاریخ ایک سادہ قبر سے شروع ہوتی ہے، جو مغلیہ دور میں ایک عظیم الشان مقبرے میں تبدیل ہو گئی۔ خاص طور پر 19ویں صدی میں سرکاری سرپرستی کے تحت مزار کی تعمیر و ترقی میں نمایاں اضافہ ہوا۔ داتا دربار کی معماری مغلیہ طرز کے باریک نقش و نگار، سنگِ مرمر سے بنے صحن اور بلند میناروں کی وجہ سے مشہور ہے، جو عقیدت مندوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کو بھی اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔
یہ مقام روحانی اجتماعات کا مرکز ہے، جہاں صوفی روایات کو منانے کے لیے باقاعدہ قوالی کی محافل منعقد کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ داتا دربار زائرین کو مسلسل مفت کھانے (لنگر) کی فراہمی کے ذریعے سماجی خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کرتا ہے جو معاشرے میں برابری اور ہمدردی کی اقدار کو فروغ دیتا ہے۔