قومی کرکٹ ٹیم کےسابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے انکشاف کیا ہے کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم پاکستان کے ساتھ میچ کھیلنے کے لیے تیار نہیں تھی جس کی وجہ ہماری کمتر رینکنگ ہے۔
لاہور میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کرکٹر عبدالرزاق نے کہا کہ بورڈ نے نیٹ کی بنیاد پر کھلاڑیوں کو میچ کھلانا شروع کردیا، اس طرح کی حکمتِ عملی سے ایسے ہی نتائج کی توقع کی جاسکتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: عثمان شنواری پی ایس ایل 2020ء میں لاہور کی نمائندگی کریں گے
آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی سے نالاں عبدالرزاق نے کہا کہ آسٹریلیا ایک عالمی معیار کی قابل کرکٹرز کی ٹیم ہے جسے آسان سمجھنا درست نہیں جبکہ اچھے کرکٹرز مشکل حالات میں صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
عبدالرزاق نے کہا کہ مشکل حالات کو چیلنج سمجھتے ہوئے کھیلنے والے کرکٹرز ہی عالمی سطح پر کامیاب ہوسکتے ہیں۔ دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم میں تبدیلیاں لانا ظاہر کرتا ہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں غلط ٹیم چنی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ اور سلیکٹرز کو چاہئے کہ قومی سطح پر کھیلنے والوں کو موقع اور اعتماد دیں، آسٹریلیا جیسی ٹیم ہمارے ساتھ کھیلنے پر تیار ہوئی تو اسے اچھا موقع سمجھتے ہوئے بہتر پرفارمنس دکھانی چاہئے تھی۔
یاد رہے کہ آج آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستانی بیٹنگ بری طرح مشکلات کا شکار ہے جبکہ اپنی پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 589 اسکورز کے جواب میں قومی ٹیم نے صرف 179 رنز بنائے اور 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کے بلال اعظم نے 128 گیندوں پر اب تک 93 رنز اسکور کر لیے ہیں جبکہ یاسر شاہ 112 گیندیں کھیل کر 37 کے انفرادی اسکور پر بیٹنگ کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: دوسرا میچ: پاکستانی بیٹنگ شدید مشکلات کا شکار، 179 کے اسکور پر 6 آؤٹ