بھارتی میڈیا ادارے انڈیا ٹوڈے نے بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی عسکری کشیدگی کے تناظر میں دونوں ممالک میں گوگل پر سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے الفاظ کی فہرست جاری کی ہے جس میں پاکستان کے ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد سرفہرست موضوعات میں شامل ہو گئے ہیں۔
7 مئی سے 12 مئی کے درمیان گوگل پر ریکارڈ کیے گئے سرچ رجحانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت میں ”سیز فائر کا مطلب“ سب سے زیادہ، یعنی ایک کروڑ سے زائد بار تلاش کیا گیا، جب کہ پاکستان میں ”رافیل جیٹ“ اور ”اورنگزیب احمد“ تقریباً دو لاکھ بار سرچ کیے گئے۔
ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد پاکستان کے نوجوانوں میں بے حد مقبول ہو چکے ہیں۔ ان کے پُرسکون لہجے، مزاحیہ انداز اور باوقار شخصیت نے انہیں عوامی سطح پر پذیرائی دلائی ہے۔ بطور ترجمان پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف)، وہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی عسکری کارروائیوں کی تفصیلات ذرائع ابلاغ کو فراہم کرتے رہے۔
پریس کانفرنسوں کے دوران انہوں نے بعض اوقات بھارتی ہم منصبوں پر شائستہ انداز میں طنز بھی کیا، جسے سوشل میڈیا پر خاصی پذیرائی ملی۔ ان کا ایک جملہ جو سب سے زیادہ وائرل ہوا، یہ تھا:”میں وہیں سے شروع کروں گا جہاں پرسوں چھوڑا تھا، پی اے ایف بمقابلہ آئی اے ایف، 6-صفر۔”
یہ بیان اس طرف اشارہ تھا کہ پاکستان نے مبینہ طور پر بھارتی فضائیہ کے چھ لڑاکا طیارے مار گرائے، جن میں تین رافیل، ایک ایس یو-30، ایک مگ-29 اور ایک کامبیٹ ڈرون شامل تھے۔
بھارت میں “آپریشن سندور” اور “ماک ڈرل” بالترتیب پانچ لاکھ اور ایک لاکھ بار سرچ کیے گئے، جو وہاں دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے، جب کہ پاکستان میں “اسلام آباد ایئرپورٹ” ایک لاکھ سرچز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
بھارتی آپریشن “سندور” 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات انجام دیا گیا جس کے بعد پاکستان نے ان کے جنگی طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا۔
بھارت نے یہ کارروائی مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں شدت پسندوں کے ایک حملے کا ردعمل قرار دیا، جس میں 26 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں ایک نیپالی شہری بھی شامل تھا۔