اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے متعلق نامناسب پر چیف جسٹس سے از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
آصف علی زردای نے مریم نواز کے حوالے سے عمران خان کے بیان کی مذمت کی اور انہیں مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاست میں اتنا نیچے نہ گریں، مائیں بہنیں بیٹیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہی پیغام بی بی شہید چھوڑ کر گئی ہیں، کاش اب بھی کوئی چیف جسٹس کو پرسنل آبزرویشن کا خط لکھے اور وہ نوٹس لیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ملتان جلسے میں عمران خان کے مریم نواز پر کیے گئے تبصرے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیٹی مریم نواز شریف کے خلاف قابل افسوس زبان درازی پر پوری قوم خاص طور پر خواتین پرزور مذمت کریں۔
شہباز شریف نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کم ظرفی کے اظہار سے ملک وقوم کے خلاف آپ کے جرائم چھپ نہیں سکتے۔ مسجد نبوی کی حرمت و ناموس کا پاس نہ کرنے والوں سے ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی عزت وتکریم کی کیا توقع ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ملتان میں جلسے سے خطاب کے دوران مریم نواز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ روز مجھے کسی نے مریم نواز کے خطاب کا کلپ بھیجا جس میں اس نے بار بار اتنے جذبے اور جنون سے میرا نام لیا، جس پر میں مریم سے کہنا چاہتا ہوں مریم دیکھو تھوڑا دھیان کرو کہیں تمھارا خاوند ہی نہ ناراض ہو جائے جس طرح تم میرا نام لیتی ہو۔