سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ مولانا شش و پنج میں مبتلا ہیں کہ آگے کیا کیا جائے؟ جبکہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کی طرف سے ہم سے کوئی اشتعال انگیز بات نہیں کی گئی۔
مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ پر حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ اسلام آباد میں حکومت مخالف مارچ لے کر جانے والے مولانا فضل الرحمان کے لیے احتجاج کو جاری رکھنا ایک مشکل مرحلہ ہے۔
آزادی مخالف مارچ پر مذاکرات کے حوالے سے اسد عمر نے کہا کہ رہبر کمیٹی سے آج کی گئی ملاقات میں تجاویز سامنے آچکی ہیں جن پر گفت و شنید اور تبادلۂ خیال جاری ہے۔جن لوگوں کو فضل الرحمان اپنے ساتھ لائے ہیں، انہیں جواب دینا بھی ضروری ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ اپوزیشن سے ہونے والے مذاکرات کے دوران دونوں طرف سے افہام و تفہیم کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ وزیر اعظم عمران خان کے استعفے پر بات نہیں ہوگی، تاہم حکومت کی خواہش ہے کہ کوئی درمیانی راستہ نکالا جائے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل رکن قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان تتر بتر اپوزیشن کی سربراہی کی کوششوں میں مصروف ہیں جبکہ آزادی مارچ سے کشمیر کاز کونقصان پہنچے گا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 29 اکتوبر کو میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ فضل الرحمان چاہتے ہیں کہ دھڑوں میں بٹی ہوئی اپوزیشن کا خاطر خواہ فائدہ اٹھایا جائے۔
مزید پڑھیں: مولانا فضل الرحمان اپوزیشن کی سربراہی کی کوششوں میں مصروف ہیں۔اسد عمر