کشمیر پاکستان کی شہرگ اور تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔آرمی چیف

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

راولپنڈی:پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہرگ اور تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے ۔ہم کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے جبکہ قیامِ پاکستان سے بقائے پاکستان تک کا سفر پاک فوج کے شہداء کی عظیم قربانیوں سے سجا ہوا ہے۔

جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی یومِ دفاع و یومِ یکجہتی کشمیر کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ  پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ شہید ہماری پہچان ہیں اور اپنے شہیدوں کے خاندانوں کا حوصلہ میرے اعتماد میں اضافے کا باعث ہے۔پاکستان کی بنیادوں میں شہیدوں کا لہو شامل ہے۔ پاک فوج کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جاسکتیں۔

یہ بھی پڑھیں: یوم دفاع و شہدائے پاکستان اور یوم یکجہتی کشمیر: آج مزارِ قائد اور مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ جب بھی ضرورت پڑی، وطن کے بیٹوں نے مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے آگے بڑھ کر لبیک کہا اور اپنی جانیں نچھاور کیں۔جب تک ہمارے پاس ایسے والدین موجود ہیں جو وطن پر جان نچھاور کرنے والے سپوت پیدا کرتے ہیں، پاکستان کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔پاکستان پورے خطے اور دُنیا کے لیے امن و سلامتی کا پیغام دیتا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیاب جنگ پوری دنیا کے لیے ایک قابل تقلید مثال ہے۔ وطن کے جاں نثار جب تک زندہ ہیں، کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکتا۔ آج پاکستان میں امن و امان کی صورتحال پہلے سے کہیں بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ اب عالمی برادری بھی  انتہا پسندی کو عملی طور پر رد کرنے کے لیے آگے آئے۔ افغانستان میں پائیدار امن پاکستان کی ترجیح ہے جس کے لیے ہم نے ہمیشہ کوشش کی۔ افغانستان میں امن پاکستان میں امن کی ضمانت ہے۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی عروج پر ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں جو عالمی برادری کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہرگ اور  تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ پاکستان کبھی کشمیریوں کو تنہا اور حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گا۔ ہم ایک پر امن ملک ہیں اور کشمیریوں پر ظلم ہمارے لیے آزمائش  اور صبر کا امتحان ہے۔ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل یومِ دفاع و یومِ یکجہتی کشمیر کے موقعے پر صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے قوم کے نام الگ الگ پیغامات میں اہلِ پاکستان بالخصوص نوجوانوں کو  اتحاد و یگانگت اور کشمیریوں سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کی اپیل کی۔

مزید پڑھیں: صدرِ پاکستان عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کا یوم دفاع و یکجہتی کشمیر کے موقعے پر قوم کے نام پیغام