آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان کاکہنا ہےکہ دنیا بھر میں بھارتی اقدام کی مخالفت کی جا رہی ہے، دنیا نے ہندوستان کا کشمیر سے متعلق بیانیہ مسترد کر دیا ہے، مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کاقبرستان بنے گا۔
اسلام آباد میں یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت کو پیغام دیتا ہوں کہ وہ جو آگ جلا رہا ہے اسی میں جھلس جائے گا، جوچنگاری سرینگرمیں لگائی گئی اس کےشعلےبھارت کوبربادکردیں گے۔
سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں سے ان کا آئین اور جھنڈا چھین لیا، کشمیر میں لوگوں کو محصور کیا گیا ہزاروں کشمیری گرفتار ہیں، کشمیری عوام بھارتی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں، کشمیریوں سے کہا جا رہا ہے یہ وطن اب تمہارا نہیں ہے، کشمیری عوام بھارتی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں۔
صدرآزاد کشمیرکاکہنا تھا کہ کشمیری اپنی آزادی کے لیے لڑتے رہیں گے ،دنیا کی کوئی طاقت انہیں نہیں روک سکتی ،انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرپرعالمی طاقتیں خاموش ہیں ،پاکستان نے بھارت کے ساتھ تجارت بند کی پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے کشمیر کےلیے آواز اٹھائی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بھارتی اقدام کی مخالفت کی جا رہی ہے، ہندوستان پر تجارتی پابندیاں لگانے کی باتیں ہو رہی ہیں، مودی جو لاوا تیار کررہا ہے پھٹے گا تو بھارت کا کونا کونا راکھ ہو جائے گا،بھارت نے جنگ کا آغاز کیا خاتمہ ہم کریں گے۔
سردار مسعود خان نے مزید کہا کہ بھارت کیا سمجھتا ہے تمہارے فوجی سربراہ کے بیان سے ہم ڈر جائیں گے؟ مقبوضہ کشمیر بھارت کی 9لاکھ فوج کا قبر ستان بنے گا، کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت پر چین، ترکی اور ایران سمیت دیگر ممالک کے شکر گزار ہیں۔