پرائیویٹ اسکولز کی من مانیاں

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی کے نجی اسکولوں کی جانب سے محکمہ تعلیم سے اجازت کے بغیر ہی فیسوں میں بڑا اضافہ کیا جانا ایک معمول بن چکا ہے، ایسی اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ نجی اسکولوں نے فیسوں میں مزید اضافہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس کے باعث والدین پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں، اگر واقعی اسکولوں کی فیسوں میں یہ اضافہ کردیا جاتا ہے تو وہ والدین جو موجودہ حالات کے پیش نظر پہلے اپنے بچوں کے اسکولوں کی فیسوں کو ادا نہیں کرپارہے، اپنے بچوں کو اسکولوں سے اٹھانے پر مجبور ہوجائیں گے۔

کراچی میں پرائیویٹ اسکولز کی من مانیاں کوئی نئی بات نہیں، اس سے قبل بھی اسکولوں کی فیسوں میں بغیر اجازت کے بڑا اضافہ کیا جاچکا ہے، جبکہ اس حوالے سے والدین کی جانب سے احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے، مگر پرائیویٹ اسکول مافیا کے آگے سب بے بس ہیں، یہ لوگ اپنی من مانی کرانا جانتے ہیں، نجی اسکولوں نے ناصرف اسکول کی فیس میں اضافہ کیا بلکہ پابندی کے باوجود طلبہ کوکتابیں اور کاپیاں فروخت کی گئیں، جس کے باعث والدین مہنگی کتابیں کاپیاں خریدنے پر مجبور ہوئے۔

محکمہ تعلیم سندھ کا اضافی فیسوں کے معاملے پر کہنا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ پرائیوٹ اسکولز کے آفیسر نے فیسوں میں اضافے کی اجازت دی ہے تو اس کی تحقیقات کی جائیں گی، اسکولوں کو فیس میں سالانہ صرف 10 فیصد اضافے کی اجازت ہے۔اس کے علاوہ کیا گیا غیر قانونی اضافہ خلاف قانون تصور ہوگا، فیسوں میں اضافے کے علاوہ پرائیویٹ اسکولز مالکان اپنی مرضی کے (Annual Charges) بھی والدین سے وصول کررہے ہیں، جس کے باعث بچوں کے والدین شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔

شہر قائد میں پرائیویٹ اسکولز مافیا ایک بڑے پیمانے پر کئے جانے والا بزنس بن چکا ہے، جبکہ اس بزنس کے پیچھے با اثر افراد ہیں، عوام سے غیر قانونی طریقے سے رقم بٹورنے کے معاملے کو عدالت کے سپرد بھی کیا جاچکا ہے، مگر پرائیویٹ اسکول مافیا کو جب فیسوں میں اضافہ کرنا ہوتا ہے وہ بلا خوف و خطر کردیتے ہیں، محکمہ تعلیم اور سندھ حکومت کو چاہئے کہ اس حوالے سے ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور فیسوں میں غیر قانونی اضافہ اور دیگر غیر قانونی وصولیوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھائیں جائیں۔

Related Posts