سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان کے ذاتی محافظ میجر جنرل عبدالعزیز الفغم کو جدہ کی ساحلی پٹی پر قتل کردیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق میجر جنرل عبدالعزیز الفغم سعودی فرماں روا شاہ سلمان کے اہم محافظ تھے جن کی اپنے دوستوں کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی جس کے باعث ان پر گولیاں چلائی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں ممکنہ احتجاج روکنے کے لیے بھارتی فورسز کی اضافی نفری تعینات
فائرنگ کے باعث سعودی فرماں روا کے ذاتی محافظ میجر جنرل عبدالعزیز الفغم موقعے پر شہید ہو گئے۔ مقتول میجر جنرل کو شاہ سلمان نے دو مقدس مساجد کی ذمہ داریوں کا اعزاز دیا تھا۔
یاد رہے کہ 4 روز قبل سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ آرامکو حملے کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ایران کو جواب دینے کے لیے تمام آپشنز پر غور کریں گے، ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آرامکو تنصیبات پرحملے میں ایرانی ساختہ میزائل استعمال ہوئے۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت سے قبل بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ یقین ہے تیل تنصیبات پر داغے گئے میزائل ایرانی ساختہ تھے، اقوام متحدہ تحقیقات کے لیے ماہرین فراہم کرے۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران نے حزب اللہ اور حوثی ملیشیا کو بیلسٹک میزائل فراہم کیے ہیں، خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے ایرانی اقدامات اور رویے کو روکنے کے لیے تمام ممکنہ ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: تیل تنصیبات پرداغے گئے میزائل ایرانی ساختہ تھے،سعودی وزیرخارجہ