کراچی: شہرِ قائد میں ڈاکوؤں نے شہریوں کا جینا محال کردیا۔ ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے جس کے دوران ایک نوجوان شہری جاں بحق ہوگیا۔
گزشتہ رات کراچی کے علاقے جوہر موڑ کے قریب 23 سالہ سعد کو ڈاکوؤں نے گولی مار کر قتل کردیا، مقتول کے اہل خانہ کے مطابق سعد کی دو ماہ بعد شادی ہونے والی تھی، اور وہ اپنی اور بہن کی شادی کی تیاریوں میں مصروف تھا۔
مقتول کے چچا نے بتایا کہ سعد اپنے ماموں کی فیکڑی میں کام کے ساتھ بائیکیا بھی چلاتا تھا، گزشتہ رات بھی وہ رائیڈ کے انتظار میں وہاں کھڑا ہوا تھا، کہ کچھ ملزمان اسکا موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔
کراچی، ڈکیتی کے دوران خواتین کیساتھ نازیبا حرکات کرنیوالا برمی گینگ گرفتار
مقتول کے بھائی نے بتایا کہ واقعہ سے کچھ دیر پہلے ہی اسکی بھائی سے بات ہوئی تھی، اور کچھ دیر بعد خبر آئی کہ اسے کسی نے گولی مار دی ہے۔
سعد کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ آئے روز شہر میں گولیاں ماری جارہی ہیں، ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔
دوسری جانب پولیس نے کہا کہ جائے وقوعہ سے تیس بور کا ایک خول ملا ہے، مقتول کی تدفین کے بعد اہلخانہ کا بیان لے کر مقدمہ درج کیا جائے گا، سی سی ٹی وی کی مدد سے جلد ملزمان کو گرفتار کرلیں گے۔