اسلام آباد: پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ پیشی کے دوران دہشتگردی کا ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ منصوبے کے تحت جوڈیشل کمپلیکس اور ہائی کورٹ پر حملے کی کوشش کی گئی،پی ٹی آئی چیئرمین کی پیشی پر جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں توڑ پھوڑ کا مقدمہ دہشتگردی ایکٹ سمیت سنگین دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق عمران خان ہجوم کی قیادت کر رہے تھے جنہوں نے عوام کو نقصان کیلئے اکسایا اور توڑ پھوڑ پر آمادہ کیا، جوڈیشل کمپلیکس میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔
مزید پڑھیں:توشہ خان کیس میں عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
پولیس کا کہنا ہے کہ ہجوم میں سے کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ سمیت 25 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ دیگر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتاریوں کیلئے مختلف صوبوں میں پولیس ٹیموں کو روانہ کردیا گیا ہے۔