متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے کراچی آنے والے کنٹینر سے شراب کی ہزاروں بوتلیں برآمد ہوئیں جبکہ اے این ایف کا منشیات کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کیں جبکہ اس دوران 5 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر دبئی سے بھیجے گئے کنٹینر سے غیر ملکی شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔
جھنڈا لگانے پر دو سیاسی جماعتوں کا تصادم، متعدد افراد زخمی
برآمد کی گئی غیر ملکی شراب کی 8 ہزار 520 بوتلوں کو نجی کمپنی نے بک کرایا تھا۔ اے این ایف نے موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب بھی 2 کارروائیاں کیں جن کے دوران چرس اور آئس برآمد کی گئی۔ 3 ملزمان کو گرفتار بھی کیاگیا۔
اے این ایف کا کہنا ہے کہ مسافر بس پر سوار 2 ملزمان سے 2 کلو چرس اور 480گرام آئس جبکہ موٹر سائیکل سوار سے 6 پیکیٹ چرس برآمد کی گئی۔ مجموعی طور پر 7 کلو 200گرام چرس برآمد ہوئی۔ اسی طرح پشاور اور دیگر شہروں میں بھی کریک ڈاؤن جاری ہے۔
پشاور میں طلبہ کو منشیات بیچنے والے ایک ملزم کے قبضے سے 464 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں۔ اے این ایف نے ہنگو کے رہائشی ملزم سے تفتیش کی۔ گرفتار ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔ پشاور کے باچا خان ائیرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے بھی منشیات برآمد ہوئیں۔
مسافر کے پیٹ سے ہیروئن سے بھرے 86کیپسول برآمد ہوئے۔ اے این ایف کا کہنا ہے کہ خیبر کے علاقے زخہ خیل میں بھی 2 کارروائیوں کے دوران 20 کلو چھپائی گئی چرس برآمد ہوئی۔ تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے۔