ترکیہ کے علاقے ارض روم میں ایک خوبصورت قدیم روایت ہے کہ 15 دسمبر سے 15 جنوری تک یہاں کے ہر علاقے میں 1001 بار قرآن کریم ختم کیا جاتا ہے۔
یہ ایک ایسی منفرد مسلم روایت ہے جو عالم اسلام کے کسی دوسرے علاقے میں نہیں پائی جاتی۔ ارض روم جمہوریہ ترکیہ کا کرد اکثریتی علاقہ اور صوبہ ہے۔ کردوں میں بڑے مسلم صوفیا بھی گزرے ہیں، جنہوں نے ترکیہ میں مصطفی کمال پاشا کے دور میں دین اسلام کی تبلیغ کیلئے بڑی قربانیاں دیں۔
ارض روم میں ایک ہزار ایک بار ختم قرآن کی اس روایت کو موسم سرما کیلئے باعث خیروبرکت سمجھا جاتا ہے۔
مقامی مسلمانوں کا اعتقاد ہے کہ اس ختم قرآن کی برکت سے بروقت وافر مقدار میں بارشیں ہوتی ہیں۔
پندرہ دسمبر سے پندرہ جنوری تک کے اس عرصے کے دوران ارض روم جانے والا ہر بیرونی سیاح یہاں جا بجا ہر شخص کو قرآن کریم کی تلاوت کرنے کا دلچسپ مشاہدہ کر سکتا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ اس عرصے کے دوران یہاں کے لوگ اس قدر ختم قرآن کا اہتمام کرتے ہیں کہ چلتے پھرتے یہاں تک کہ گھوڑے کی پشت پر بھی تلاوت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔