اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر امیر مقام نے کہا ہے کہ سودان سے پاکستانی شہریوں کی محفوظ وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام نے کہا کہ فوجی جھڑپوں کے بعد سوڈان سے پاکستانیوں کی محفوظ وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ سوڈان سے مزید 93 شہری وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔
سوڈان سے پاک فضائیہ کا طیارہ 97 پاکستانیوں کو لیکر کراچی پہنچ گیا
بیان میں وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام نے کہا کہ 93 پاکستانی شہریوں کو قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کے ذریعے سوڈان سے وطن واپس لایا گیا۔ سعودی عرب نے پاکستانیوں کی وطن واپسی میں ہماری بھرپور معاونت کی۔
وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام نے کہا کہ حکومت تمام پاکستانیوں کی سوڈان سے وطن واپسی تک اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سوڈان میں خانہ جنگی کا شکار علاقوں سے پاک فضائیہ کا سی 130 طیارہ تیسرے مرحلے میں 97 پاکستانیوں کو لیکر کراچی پہنچ گیا۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے 2 روز قبل بتایا گیا کہ پورٹ سوڈان سے97 پاکستانی شہریوں کو جدہ سے کراچی پہنچایا گیا ہے۔
اس ضمن میں وزارتِ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی میں سہولت فراہم کرتی رہے گی۔