جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات علامہ سمیع الحق سواتی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا الیکشن کے انعقاد سے متعلق فیصلہ یک طرفہ اور عمران نیازی کی خواہشات کی ترجمانی ہے نہ ہمیں عدالتی مارشل لا اور نہ ہی ایسے فیصلے قبول ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جن ججز پر قوم کا اعتماد ہی نہیں رہا وہ کیسے اتنا بڑا فیصلہ کرسکتے ہیں، جب تک سپریم کورٹ کے سینئر ترین ججز پر مشتمل فل کورٹ سماعت کرکے فیصلہ نہیں دیتا موجودہ فیصلے کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
حرم شریف میں 45 سال سے اذان کی خدمت پر مامور ’’بلالِ حرم‘‘ کون ہیں؟
انہوں نے کہا کہ چند ججز اسی غلطی کو دہرانے کی سنگین غلطی کررہے ہیں ، جنرل (ر) باجوہ ودیگر جرنیلوں نے 2018 میں چلتی پھرتی معشیت کو ٹھکانے لگانے کیلئے عمران نیازی کو اقتدار سونپا ، اب چند ججز اسی عمل کو دہرانے کی غلطی کررہے ہیں۔
سپریم کورٹ کے جن ججز نے فیصلہ دیا ہے ان کی ساکھ متاثر ہوچکی ہے ان کا کردار متنازعہ ہے اس کے کردار کے ججز کا فیصلہ یکسر مسترد کرتے ہیں۔
مولانا سمیع الحق سواتی کا کہنا تھا کہ حکومت ملک کو بحران سے نکالنے کی کوشش کررہی ہے، پی ڈی ایم نے تین سال سے معطل سی پیک کے پاک چائنا تجارتی راہداری کو بحال کیا، جو ملک دشمنوں کے ایما پر روکی گئی اور اب بھی پاکستان مخالفین سے پاک چائنہ تجارتی راہداری کی بحالی ہضم نہیں ہورہی۔