پاکستان کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے بھائی پر کرش کی خبروں کو جھوٹا قرار دے دیا۔
گزشتہ روز ڈیجیٹل میڈیا ہاؤس ’ایف ایچ ایم پاکستان‘ کی جانب سے گلوکارہ آئمہ بیگ کی پرانی ویڈیو کو ایڈٹ کرکے فیس بک اور انسٹاگرام پر پوسٹ کیا گیا۔
ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا کہ آئمہ بیگ کی ایک پرانے انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے بھائی پر کَرش (crush) ہے جو ان سے 7 سال بڑا ہے۔
یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی، جس پر بعد میں گلوکارہ کا ردعمل بھی سامنے آیا، انہوں نے پوسٹ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ عام طور پر میں اپنے بیان کی وضاحت نہیں کرتی، لیکن اس پوسٹ پر میری توجہ مرکوز ہوئی جب میری ٹیم نے مجھے یہ پوسٹ بھیجی۔
انہوں نے لکھا کہ یہ کس طرح کی یلو جرنلزم کی جارہی ہے جو انتہائی ناگوار ہے، مجھے نہیں معلوم کہ یہ کس طرح کا شرم ناک ایجنڈا پھیلا رہے ہیں لیکن کم از کم مجھے اس سے دور رکھیں، ویوز کے لیے کچھ بھی کرلیں گے آپ لوگ؟ محنت کریں اور مجھے اکیلا چھوڑ دیں، شرم آنی چاہیے!
آئمہ بیگ نے لکھا کہ ڈیجیٹل میڈیا کی جانب سے اس بات کی تردید کی جارہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ میں نے واقعی بولا ہے کہ مجھے اپنے بھائی پر کَرش (crush) تھا، یہ انتہائی مضحکہ خیز ہے، میں اس ڈیجیٹل پیچ کو پسند کرتی تھی اور سمجھتی تھی کہ یہاں سمجھ دار لوگ کام کرتے ہیں لیکن میرے بیان کو توڑ مروڑ پر پیش کیا گیا جس پر مجھے حیرت ہوئی۔
ساتھ ہی انہوں نے مداحوں کے ساتھ اپنے اصل بیان کی ویڈیو بھی شیئر کی اور لکھا کہ یہ رہی میرے انٹرویو کی اصل ویڈیو، یہاں کلک کریں اور اصل سچائی دیکھیں، تاہم اس پر بات کرنا بھی انتہائی ناگوار ہے، لیکن انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ جھوٹا نظریہ پوری قوم کو تباہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹل میڈیا ہاؤس سے معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا۔
گلوکارہ نے لکھا کہ مجھ پر اس طرح کے گھناؤنے الزامات عائد کرنے پر ڈیجیٹل میڈیا ہاؤس سے عوامی طور پر معافی کا مطالبہ کرتی ہوں، اور اس شرم ناک خبر کے بارے میں تمام ناپسندیدہ، گھٹیا پوسٹ کو ڈیلیٹ کرنے کا بھی مطالبہ کرتی ہوں۔