لاہور: مسلم لیگ(ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ مشیر خزانہ کو جتنی ٹماٹر کی قیمت معلوم ہے، اتنے ہی ان کے اعدادوشمار معتبر ہیں،الزام تراشیوں سے ملکی معیشت ٹھیک نہیں ہوا کرتی،بیڑہ غرق اور ستیاناس کا بیانیہ بول بول کر معیشت کا بیڑہ غرق اور ستیاناس کر دیا ہے۔
مسلم لیگ (ن)کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کے بیان پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مشیر خزانہ ڈھٹائی سے جھوٹ بول رہے ہیں کہ اقتدار ملنے پر معیشت کی حالت خراب تھی۔
پوری دنیا، ورلڈ بینک اور عالمی ریٹنگ ایجنسیز نے تسلیم کیاتھا کہ پاکستان چھ فیصد ترقی کی شرح حاصل کرلے گا۔ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن نے 5.8 فیصد شرح سے ترقی کرتا پاکستان نالائقوں کے حوالے کیاتھا۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے 47 سال میں کم ترین تین فیصد مہنگائی کی شرح والا پاکستان حوالے کیا تھا، نالائق ٹولے نے اپنی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی کی اس شرح کو 14 فیصد پر پہنچادیا ۔ایک سال میں آپ نے ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا، ترقی کی شرح آج اڑھائی فیصد پر ہے۔
ا نہوں نے کہاکہ ایشیا کی تیز ترین ابھرتی معیشت کو 15 ماہ میں جنوبی ایشیا کی سست ترین معیشت میں ڈھالنا پی ٹی آئی حکومت کا کارنامہ ہے۔کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ آپ کی نالائقی کی ایک اور کہانی ہے، کاروبار اور معیشت ٹھپ کر کے تو یہ سرپلس ہی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو تاحال معاشی حوالے سے چیلنجز درپیش ہیں، مشیر خزانہ حفیظ شیخ