ہندو برادری نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کی مکمل تائید کا اعلان کیا ہے، چیئرمین آل پاکستان ہندو رائٹس موومنٹ ہارون سراب دیال نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ فالس فلیگ کے ذریعہ ایک ڈراما رچاتا ہے۔ ریاست پاکستان کے اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے۔
پاکستانی ہندو برادری نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں ریاستِ پاکستان اور اس کے اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ ہر محاذ پر ملکی دفاع میں متحد ہیں۔
آل پاکستان ہندو رائٹس موومنٹ کے چیئرمین ہارون سراب دیال نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت ہمیشہ کی طرح ایک مرتبہ پھر فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے ڈراما رچا رہا ہے، تاکہ پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہندو برادری ریاستی اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پرعزم ہے۔
چیئرمین امن کمیٹی مائنارٹی وِنگ کشور سونی نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ہوش کے ناخن لے، ہماری افواج کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ پاکستان کے ہندو اپنے وطن اور افواجِ پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔
سماجی کارکن راجیو ٹھاکر نے کہا کہ پاکستانی ہندو برادری امن، رواداری اور بھائی چارے کی حامی ہے، لیکن دشمن کو یہ پیغام بھی دینا چاہتے ہیں کہ ہم نہ جنگ سے ڈرتے ہیں، نہ لڑنے سے گھبراتے ہیں۔
راج کمار نے بھارتی الزامات کو بچگانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہا ہے، لیکن پاکستانی ہندو ملک کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ صدم چند کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کے تحفظ کی بات ہو تو ہم اپنے بچے بھی قربان کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔