طویل عرصے بعد جامعہ اردو میں مستقل وائس چانسلر تعینات

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

طویل عرصے بعد جامعہ اردو میں مستقل وائس چانسلر تعینات
طویل عرصے بعد جامعہ اردو میں مستقل وائس چانسلر تعینات

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون سائنس وٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر اطہر عطاء نے بالآخر طویل انتظار کے بعد بحیثیت وائس چانسلر جوائنگ دے دی ہے، جامعہ میں مستقل وی سی کی تعیناتی سے اساتذہ و عملے اور تعلیمی مسائل میں کمی کے امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطاء نے طویل عرصے کے بعد جامعہ اردو میں بحیثیت مستقل وائس چانسلر جوائئنگ دے دی ہے۔ جن کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن مارچ میں جاری کیا گیا تھا۔ انہوں نے تعیناتی سے قبل وزارت تعلیم کے سامنے اپنے مطالبات رکھے تھے جن کے تسلیم ہونے کے بعد انہوں نے مئی کے آخری ہفتے میں جوائننگ دینے کی رضا مندی ظاہر کی تھی۔

جامعہ اردو کے وائس چانسلر کیلئے قائم تلاش کمیٹی نے ڈاکٹر شاہد قریشی کو میرٹ لسٹ میں پہلے اور ڈاکٹر اطہر عطاء کو میرٹ لسٹ میں دوسرے نمبر پر رکھا تھا۔ پہلے نمبر پر آنے والے امیدوار ڈاکٹر شاہد قریشی کیخلاف عدالت میں کیس ہونے کے بعد انہوں نے جامعہ میں وائس چانسلر تعینات ہونے سے معذرت کرلی تھی۔

خیال رہے کہ جامعہ اردو کے ایک استاد نے سرچ کمیٹی اور اس کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے جس کے مطابق پہلے نمبر پر آنے والے ڈاکٹر شاہد قریشی اور تیسرے نمبر پر آنیوالے امیدوار ڈاکٹر ظفر اللہ قریشی کے تحقیقی پرچوں کی تعداد 15 سے کم تھی جو ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پروفیسر اور وائس چانسلر کی اہلیت کیلئے لازمی قرار دے رکھے ہیں۔ جس کے باوجود سرچ کمیٹی نے انہیں میرٹ پر رکھا تھا۔

معلوم ہوا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطاء جامعہ کراچی سے فارغ التحصیل ہیں اور ڈاکٹر اقبال چوہدری کی زیر نگرانی کیماء میں پی ایچ ڈی کرنے والے شاگرد ہیں جبکہ وہ اس وقت کینیڈا کی ونی پیگ یونیورسٹی میں پروفیسرز شپ کی نوکری سے رخصت لیکر پاکستان آئے ہیں اور کینیڈین شہری بھی ہیں۔ جامعہ اردو کو اب تک میسر تمام وائس چانسلرز کی نسبت ڈاکٹر اطہر عطاء کی تنخواہ بھاری بھر کم یعنی 12 لاکھ روپے ہے۔

واضح رہے کہ جامعہ اردو کے ڈین سائنس پروفیسر زاہد نے تلاش کمیٹی کے منتخب کردہ امیدواروں کی اہلیت کو عدالت عالیہ سندھ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

ادھر سینئر اساتذہ کی جانب سے توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ جامعہ اردو کو طویل عرصے بعد میسر مستقل وائس چانسلر کی جوائننگ کے بعد جامعہ اردو میں  پائے جانے والے تمام مسائل ختم ہوجائینگے بعدازاں ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ حسب ماضی وائس چانسلر کے کسی ایک گروہ کے درمیان خود کو غیر دانستہ طور پر پھنسا لینے سے مسائل کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ جائیں۔

معلوم رہے کہ ڈاکٹر اطہر عطاء جامعہ اردو کے 15 ویں اور مستقل 6 ویں وائس چانسلر ہیں اس سے قبل 20 برس میں 14 وائس چانسلر تعینات رہے ہیں، جن میں 5 مستقل وائس چانسلرز تھے جن میں صرف ایک وائس چانسلر نے اپنی مدت پوری کی ہے۔

 13نومبر 2002 کو پہلے وائس چانسلر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی ایک سال ایک ماہ 22 روز تعینات رہے، 7 جنوری 2004 کو آفتاب احمد خان جامعہ کے ناظم اعلی 8 ماہ 21 روز تعینات رہے، 30 ستمبر 2004 کو پروفیسر ڈاکٹر اقبال محسن تعینات ہوئے جو ایک سال 8 ماہ 9 روز تعینات رہے۔ پروفیسر ڈاکٹر کمال الدین بطور انچارج 9 جون 2006 کو تعینات ہوئے جو ایک سال 8 ماہ 11 روز تعینات رہے، 22 جنوری 2008 کو ڈاکٹر قیصر اقبال تعینات ہوئے جو 5 سال مکمل کرکے گئے، یکم فروری 2013 سے 10 مارچ 2015 تک 2 سال 10 روز ڈاکٹر ظفر اقبال تعینات رہے، پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر(قائم مقام) 11 مارچ 2015 سے 12 اگست 2015 تک 4 ماہ 29 روز تعینات رہے، پروفیسر ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد (قائم مقام) 12 اگست 2015 سے 14 ستمبر 2017 تک1 سال 9 ماہ 19 روز تعینات رہے ہیں۔

جس کے بعد 7 دسمبر 2017 کو پروفیسر ڈاکٹر سید الطاف حسین 8 ماہ قائم مقام وائس چانسلر رہے، جس کے بعد 10 اگست 2018 سے وہ مستقل وائس چانسلرکے طور پر ایک سال ایک ماہ اور 13 روز تعینات رہے ہیں، پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر 7 جنوری 2020 سے 4 ماہ 28 روز قائم مقام وائس چانسلر تعینات رہے، پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق 17 ستمبر 2020 کو 6 ماہ کے لئے تعینات رہیں، جس کے بعد 16 مارچ 2021 کو دفتر شیخ الجامعہ کے طور پر ڈپٹی چیئر سینیٹ اے کیو خلیل نے چارج سنبھال لیا تھا جن کو 25 اکتوبر 2021 کو ہٹاکر سینیٹ اجلاس کے بعد علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ضیا القیوم کو 14واں وائس چانسلر بنایا گیا تھا جو آج تک تعینات تھے۔ تاہم آج 25 مئی کو 15 ویں وائس چانسلر ڈاکٹر اطہر عطاء نے جوائننگ دے دی ہے۔

Related Posts