لاہور: چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے معروف اینکر پرسن آفتاب اقبال کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
دریں اثناء چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کو حکم دیا کہ صحافی عمران ریاض خان کو آج شام 6 بجے تک عدالت میں پیش کریں۔
واضح رہے کہ صحافی عمران ریاض خان اور آفتاب اقبال کو پولیس نے جمعرات کو گرفتار کیا تھا۔
عمران ریاض خان کو سیالکوٹ ایئرپورٹ پر سیکیورٹی فورسز اور سابق وزیراعظم عمران خان کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں کے دوران تشدد بھڑکانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اینکر اور ٹیلی ویژن میزبان آفتاب اقبال کو مبینہ طور پر لاہور میں ان کے فارم ہاؤس سے گرفتار کیا گیا۔
کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے دونوں اینکر پرسنز کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ آزادی اظہار پر قدغن لگانے کی کوششوں کو برداشت نہیں کیا جا سکتا اور صحافیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
مزید پڑھیں:وفاقی کابینہ کا منظم تشدد میں ملوث عناصر کیساتھ نرمی نہ برتنے پر زور
لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے دو درخواستوں کی سماعت کی۔ درخواستوں میں مطالبہ کیا گیا کہ زیر حراست افراد کو پولیس کی غیر قانونی حراست سے رہا کرنے کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔