کابل: افغان طالبان نے افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک بھر میں خانہ جنگی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق افغان طالبان نے امریکی صدر ٹرمپ کے اس فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے اسے اچھا اقدام قرار دیا ہے جس میں افغانستان سے 2 ہزار امریکی فوجی نکالنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
افغان طالبان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں طویل عرصے سے جاری تنازعات کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔ قبل ازیں پینٹا گون افغانستان میں امریکی فوج کی تعداد کی کمی کا اعلان کرچکا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان اور عراق دونوں ممالک سے افواج واپس بلانے کیلئے جنوری کے وسط تک افغانستان میں فوجیوں کی تعداد 4 ہزار 500 سے کم کرکے 2 ہزار 500 کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمۂ دفاع (پینٹا گون) کا گزشتہ روز کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ افغانستان سے امریکی افواج کا انخلاء جاری رکھیں گے جبکہ نیٹو نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اس سے طالبان کے ساتھ مذاکرات کے نازک مرحلے اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: امریکا کا افغانستان اور عراق سے افواج واپس بلانے کا فیصلہ