راولپنڈی: پاک فوج نے 5 اعلیٰ افسران سمیت 46 افغان فوجیوں کو افغان حکام کے حوالے کردیا ہے جنہیں پاکستان نے تحفظ فراہم کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج نے 46افغان فوجیوں کو افغان حکام کے حوالے کردیا جن میں افغان سیکیورٹی فورسز کے 5 اعلیٰ افسران بھی شامل ہیں۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان کے مطابق افغان فوجیوں کو نواں پاس، باجوڑ کے علاقے میں ساڑھے 12بجے افغان حکام کے حوالے کیا گیا۔
ڈی جی، آئی ایس پی آر کے مطابق افغان فوج اور بارڈر پولیس اہلکاروں کو پاک فوج نے محفوظ راستہ اور پناہ فراہم کی جبکہ فوجی اہلکار ہتھیاروں سمیت پاکستانی حدود میں داخل ہوئے تھے۔
افغان اہلکاروں کو ان کی درخواست پر پاکستان آنے کا محفوظ راستہ دیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں افغان بھائیوں کی معاونت جاری رکھے گا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق افغان فوجی اہلکاروں کو اسلحے اور عسکری آلات سمیت وطن واپس بھجوایا گیا۔ افغان آرمی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے ہمارا بہت خیال رکھا۔
افغانستان بھجوائے گئے فوجی اہلکاروں نے یہ بھی کہا کہ ہم پاک فوج کے طرزِ عمل کو کبھی بھول نہیں سکتے۔ کمانڈر افغان فوج نے کہا کہ ہم حکومتِ پاکستان اور پاک فوج کے شکرگزار ہیں۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل پاک فوج نے افغان نیشنل آرمی کے مقامی کمانڈر کی درخواست پر احسن اقدام اٹھاتے ہوئے 46 افغان فوجیوں کو پناہ اور محفوظ راستہ فراہم کیا۔
گزشتہ روز پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ پاکستان نے 46 افغان فوجیوں کو پناہ اور محفوظ راستہ فراہم کیا۔ افغان نیشنل آرمی اور پولیس کے 46اہلکاروں کو تحفظ فراہم کیا گیا۔
مزید پڑھیں: پاک فوج نے 46افغان فوجیوں کو پناہ، محفوظ راستہ دے دیا۔آئی ایس پی آر