کمشنر کراچی نے سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق نسلہ ٹاور گرانے کیلئے اخبارات میں اشتہار دے دئیے ہیں جن میں رہائشی عمارت کے انہدام کیلئے کمپنیوں سے مہارت اور تعاون طلب کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہری انتظامیہ کی جانب سے نسلہ ٹاور کے متعلق اشتہار میں عمارت گرانے میں مہارت رکھنے والی کمپنیوں کو کمشنر کراچی سے رابطے کی درخواست کی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ نسلہ ٹاور 7روز میں گرانا ہے۔
نسلہ ٹاور گرانے کیلئے یوٹیلٹی کنکشن منقطع، رہائشی سراپا احتجاج
سپریم کورٹ کا نسلہ ٹاور ایک ہفتے میں گرانے کا حکم
نسلہ ٹاور گرانے کی تیاریاں شروع، رہائشیوں کو بلڈنگ خالی کرنے کا حکم
گزشتہ دنوں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے نسلہ ٹاور 1 ہفتے کے اندر اندر گرانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ عمارت گرنے سے قریبی بلڈنگز کو نقصان نہیں پہنچنا چاہئے۔رہائشی عمارت کو غیر قانونی ہونے کی بنیاد پر گرانے کا حکم دیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل عدالتِ عظمیٰ کے احکامات پر نسلہ ٹاور گرانے کیلئے کمشنر کراچی متحرک ہو گئے اور متعلقہ اداروں کو خط لکھ دیا، بلڈنگ کی گیس، پانی اور بجلی منقطع کردی گئی جبکہ نسلہ ٹاور کے رہائشیوں نے عمارت گرانے کے خلاف احتجاج کیا۔
گزشتہ روز سوئی سدرن کمپنی نے نسلہ ٹاور کے گیس کنکشن کاٹ دئیے، کمشنر کراچی نے بلڈنگ کے انہدام کیلئے ایف ڈبلیو اور ڈی جی، ایس بی سی اے کو خط لکھا جس میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ نے 1 ہفتے میں ٹاور گرانے کا حکم دیا ہے۔