اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے صدر مساتاسوگو اساکاوا نے کہا ہے کہ بینک رواں مالی سال کے دوران پالیسی کی بنیاد پر قرض پروگرام کے ذریعے اہم معاشی اور ساختی اصلاحات پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلیٰ عہدیدار کی جانب سے یہ عزم جنوبی کوریا میں بینک کے 56ویں سالانہ اجلاس کے آغاز پر ایک نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کیا گیا۔
مساتاسوگو اساکاوا نے آئی ایم ایف پروگرام کی پیروی کرتے ہوئے معیشت کو مستحکم کرنے، اخراجات قابو کرنے جیسے اقدامات پر عملدرآمد، مقامی ریونیو کو متحرک کرنا، توانائی کے شعبے میں اصلاحات بشمول قابل تجدید توانائی، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ اور مالی استحکام کے فروغ کی حکومتی کوششوں کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ بینک پاکستان کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے اور امید ظاہر کی کہ حکومت کے اقدامات سے ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ بینک نے اب تک 740 پبلک سیکٹر قرضوں، گرانٹس اور تکنیکی معاونت کے پروگراموں کے ذریعے پاکستان کو 39 ارب 70 کروڑ ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔
ان کے مطابق پاکستان کو دی جانے والی مجموعی قرض اور گرانٹ کی رقم 30 ارب 76 کروڑ ڈالر ہے، جس کی فنانسنگ باقاعدہ اور رعایتی عام سرمائے کے وسائل، ایشائی ترقیاتی فنڈ، اور دیگر خصوصی فنڈز سے کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ایشائی ترقیاتی بینک کے پاکستان میں جاری خودمختار پورٹ فولیو میں 9 ارب 59 کروڑ ڈالر کے 53 قرضے اور 3 گرانٹس شامل ہیں، سال 2022 میں بینک کی جانب سے ملک کو قرض اور گرانٹ کی مد میں 2 ارب 49 کروڑ ڈالر کی رقم دی گئی تھی۔
اس میں قرض کی مد میں ایک ارب 80 کروڑ ڈالر، منصوبوں کے لیے 68 کروڑ ڈالر قرض اور 46 لاکھ ڈالرکی گرانٹس شامل ہیں۔اس کے علاوہ بینک نے پاکستان میں سماجی تحفظ کو فروغ دینے، خوراک کی حفاظت کو فروغ دینے اور لوگوں کے لیے روزگار میں مدد کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر فراہم کیے۔
مزید پڑھیں:اسحاق ڈار نے اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سفارش کی تردید کردی
علاوہ ازیں ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے خطے میں گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو کم کرنے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے لیے لچکدار انفراسٹرکچر بنانے میں مدد کے لیے فنڈنگ گارنٹی کی سہولت کا بھی اعلان کیا۔