اسلام آباد: پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار معراج الحق نے وفاقی دارالحکومت کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز سیکنڈ میں ایک خاتون کو اس کے شوہر کے مبینہ تشدد سے بچایا ہے، جسے سماجی حلقوں میں خوب سراہا جارہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام میں اسٹوری شیئر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ڈی ایچ اے میں ایک شخص اپنی اہلیہ کو سرعام تشدد کا نشانہ بنا رہا تھا۔ جب اداکار نے مداخلت کرنے اور پولیس کو فون کرنے کی کوشش کی تو اس شخص نے معراج الحق پر چیخ کر کہا “وہ میری بیوی ہے ، تمہیں اس کے بارے میں کچھ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔”
ادکار معراج کے مطابق اس شخص نے کہا کہ “میں آپ کی اپنے خاندانی معاملات میں مداخلت برداشت نہیں کر سکتا۔ وہ میری بیوی ہے ، اسی لیے میں اسے پیٹ رہا ہوں۔” ویڈیو میں اس آدمی کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔ اداکار کے مطابق یہ واقعہ ’’ سیلیبریشن پلینٹ ‘‘ میں پیش آیا ، جہاں یہ شخص کام کرتا ہے۔
اداکار نے سکیورٹی حکام کو بھی فون کیا اور انہیں اس واقعے سے آگاہ کیا۔ معراج کے مطابق خاتون نے اس سے مدد مانگی کیونکہ اس کا شوہر اسے سرعام پیٹ رہا تھا۔ انہوں نے کہا ہے کہ “یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ کوئی اس اقدام کے خلاف آواز نہیں اٹھا رہا تھا۔ یہ گھریلو زیادتی کا معاملہ تھا۔”
بعد ازاں عوام حلقوں کی جانب سے شوہر کے تشدد سے خاتون کو بچانے پر اداکار معراج الحق کی بہادری کو سراہا جارہا ہے۔ اداکار نے حکام پر زور دیا ہے کہ اس شخص کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اسے لوگوں کے لیے مثال بنا دیا جائے، تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت نہ کرے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیلٹا ویرئینٹ کیسز میں اضافہ، این سی او سی نے اسلام آباد میں لاک ڈاؤن لگا دیا