اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈیل کا تاثر درست نہیں ہے احتساب کا عمل جاری رہے گا، نواز شریف کو صرف انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بیرون ملک بھیجا جارہا ہے، قانونی تقاضے پورے کرکے باہر جائیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر حکومتی بیانیے پر مشاورت ہوئی۔
وزیراعظم عمران خان نے مؤقف اپنایا کہ ہم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نواز شریف کو باہر جانے دینے کا فیصلہ کررہے ہیں، میں نے مکمل چھان بین کرائی ہے نوازشریف واقعی ہی بیمار ہیں، نواز شریف نے صحت سے متعلق ماضی میں بہت غلط بیانی کی اب وہ اصل میں بیمار ہیں تو لوگ ماننے کو تیار نہیں ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت نواز شریف کے بیرون ملک علاج کے حوالے سے واضح موقف دے چکی ہے، نوازشریف کو ان کی مرضی کا علاج کرانے دینا چاہیے تاہم یقینی بنایا جائے نواز شریف ٹرائل کا سامنا کرنے واپس آئیں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے متعلق اپنا کردار ادا کرے، ذیلی کمیٹی شہباز شریف سے مکمل ضمانت لے، سابق وزیراعظم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے قانونی پہلو وزیرقانون بیرسٹر فروغ نسیم دیکھ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) سے نکالنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: کابینہ نے نوازشریف کانام ای سی ایل سے نکالنے کی مشروط منظوری دے دی