روہڑی: کراچی سے لاہور جانے والی زکریا ایکسپریس کو حادثہ پیش آگیا ہے، مسافر بردار ٹرین کی بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی زکریا ایکسپریس کو روہڑی میں پیش آنے والے حادثے میں مسافر ٹرین کی 2 بوگیاں ریلوے ٹریک سے اتر گئیں تاہم رفتار کم ہونے کے باعث بوگیاں الٹنے سے بچ گئیں۔
بوگیاں ٹریک سے اتر جانے کے حادثے کے بعد ڈاؤن ٹریک بند کردیا گیا۔ زکریا ایکسپریس کو دوبارہ سفر کے قابل بنانے کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔
ٹرین کی رفتار کم ہونے کے باعث بوگیاں ٹریک سے اتر جانے کے باوجود تمام مسافر محفوظ رہے۔ ریلوے حکام کے مطابق حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل کراچی سے ساہیوال جانے والی کارگو ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں ،ریلوے حکام کی کوششوں سے اندرون ملک آنے جانے والی ٹرینوں کا آپریشن دو گھنٹے بعد بحال کر دیا گیا۔
کراچی سے ساہیوال جانے والی کارگو ٹرین کی پانچ بوگیاں 5 روز قبل روہڑی اور پنوعاقل کے درمیان اسٹیشن منڈو ڈیرو کے قریب پٹری سے اتر گئیں، جس کے باعث اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدروفت معطل ہوگئی۔
مزید پڑھیں: ساہیوال جانے والی کارگو ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں