اے عورتو ! غیر مردوں کی باتوں میں نہ آیا کرو ۔ کسی نامحرم کی عورت کےلئے تعریف شیطان کی طرف سے پھینکا گیا جال ہے۔
آج کی یہ تحریر ان عورتوں اور لڑکیوں کے لیے ہےجو آج کے اس مشکل وقت میں اپنا گھر چلانے کے لیے باہر نکلتی ہیں ۔ بہت سے گدھ نما مرد حضرات تاک میں بیٹھے ہوتے ہیں کہ آخر عورت کو کیسے بھلاپھسلا کر محبت کے جال میں پھنسایا جائے۔
اکثر اوقات یہ دیکھا جاتا ہے کہ کسی مرد کو معلوم تو ہوجائے کہ فلاں عورت یا لڑکی کو جاب کی ضرورت ہے یقین کریں انکے آگے پیچھے منڈلاتے پھرتے نظر آتے ہیں۔
اپنے گھر کی خواتین کی اتنی تعریف کبھی نہیں کی ہوگی جتنی باہر کی عورتوں کی تعریفوں کے پل باندھ دیتے ہیں اور بے حد بیوقوف ہے وہ عورت جو کسی غیر مرد سے تعریف سن کر پھولے نہیں سماتیں ۔
میری پیاری بہنو ! آپ سب سے گزارش ہے کہ تعریف صرف ماں باپ کی ، اپنے سگے رشتوں کی یا پھر اپنے شوہر کی طرف سے ہی اچھی لگتی ہے۔کسی غیر مرد کی بےجا تعریف سن کر اندازہ لگالیا کریں کہ آپکی بے جا تعریف کرنے والا مطلبی اور دھوکے باز ہے۔
اللہ تعالیٰ نے آدمی اور عورت کو ایک ایسی حس سے نوازا ہے جس سے عورت اور مرد ایک دوسرے کی نظر کو پہچان لیتے ہیں ۔میں آپ تمام وہ عورتیں اور لڑکیاں جو اپنے گھروں سے جاب کے لیے نکلتی ہیں کسی بھی انسان کے دیئے ہوئے لالچ میں نہ آیا کریں ۔
بڑی بڑی باتیں کرنے والے اکثر خالی برتن کی طرح ہوتے ہیں۔جنہیں واقعی کسی کےلیے اچھا کرنا ہوتا ہے وہ باتیں نہیں بناتے ۔سچے اور اچھے لوگ آپ کو حقیقت میں سہارا دیتے ہیں ،آپکو آگے بڑھانے کے مواقع دیتے ہیں ۔
تو وہ عورتیں جو دھوکے باز مردوں سے دھوکے کھا چکی ہیں وہ اب سبق سیکھیں اور وہ جو ان دھوکے باز مردوں سے بچی ہوئی ہیں انہیں خودکو اور مضبوط بنانا ہے۔میں نے ایسے بھی مرد حضرات دیکھے ہیں جو خود اللہ کی رحمتوں سے مالا مال ہیں یعنی بیٹیوں کے باپ ہیں وہ تب بھی عورتوں کو دھوکا دیتے ہیں میں ایسے مردوں پر حیران ہوجاتی ہوں کہ انکی اپنی بیٹیاں ہوتے ہوئے کیسے کسی کی بیٹی کو دھوکا دیتے ہیں ۔
اب تو عالم یہ ہے کہ جب عورت کسی ایسے فضول مرد کو اس بات سے آگاہ کرتی ہیں کہ وہ شادی شدہ بھی ہیں تو آگے سے جواب آتا ہے تو کیا ہوا ۔اف اللہ !اس وقت زمین پھٹ کیوں نہیں جاتی؟ اللہ تعالیٰ کے راز بس وہی جانے۔
میری اس تحریر میں اچھے مردوں کا ذکر نہیں کیا گیا اچھے مرد اب بہت کم ہیں۔اپنے گھر سے نکل کر کام کاج کرنے والی عورتو ! اپنی حفاظت کیا کرو ایسے مردوں سے جو ہر عورت کی تعریف کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں اور جو لوگ واقعی آپ کا بھلا چاہیں گے وہ بڑی بڑی نہیں ہانکتے وہ صرف اللہ کی رضا کے لیے لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔
تو خود کو ہر کسی کے لیے سستا نہ کردو یقین کرو رزق صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔کسی امیروکبیر یا اثرو رسوخ والے انسان کے ہاتھ میں نہیں۔ اللہ تعالیٰ دنیا کی تمام عورتوں کی عزتوں کو محفوظ رکھے آمین ثم آمین۔