کراچی: ایٹریم سینما میں فلم ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ کی خصوصی میڈیا اسکریننگ کا انعقاد کیا گیا۔ ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ ایک ایسی فلم ہے جس کی ریلیز کا فلم کے شائقین بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔
اس فلم کے ملک بھر میں باضابطہ طور پر ریلیز کئے جانے سے قبل اس خصوصی اسکریننگ کا اہتمام کیا گیا۔ فلم کی اسکریننگ کے موقع پر اس فلم کو دیکھنے اور اپنی رائے کا اظہار کرنے کی غرض سے پرنٹ اور سوشل میڈیا کے مقتدر افراد نے شرکت کی۔
یہ بات بلا شک و شبہ کہی جا سکتی ہے کہ جس کسی نے یہ فلم دیکھی وہ اس سے بے حد متاثر نظر آیا۔ ناظرین نے دل کھول کر اس فلم کے ہر پہلو کی تعریف کی اور اپنے انٹرویوز اور رائے دیتے ہوئے فلم کی کاسٹ اور کرو کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔اسکریننگ کے موقع پر میڈیا سمیت مدعوین نے میڈیا وال پر تصاویر بھی کھنچوائیں۔
اس شاندار فلم کے ہدایت کار ہیں فلم ”وار“کے حوالے سے معروف ترین ہدایت کار بلال لاشاری ہیں کہ جب کہ اسے عمارہ حکمت نے انسائیکلو میڈیا اور لاشاری فلمز کے مشترکہ منصوبے کے تحت ٹرپل اے موشن پکچرز کے اشتراک سے تیار کیا ہے۔
فلم کا اسکرین پلے بھی بلال لاشاری کی کاوش ہے جب کہ فلم کے انتہائی شاندار ڈائیلاگ لکھے ہیں ناصر ادیب نے۔
فلم سازوں نے پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ اور پاکستانی سینما کے احیاء میں اہم کردار ادا کرنے والے جیو فلمز کے ساتھ شراکت کی ہے۔
مزید پڑھیں:فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی کہانی کتنی مختلف ہوگی؟
فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو مقامی طور پر مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے ندیم مانڈوی والا تقسیم کریں گے جو کئی دہائیوں کے دوران سینما میں اپنے کام اور شراکت کے لئے مشہور ہیں۔ یہ فلم بین الاقوامی سطح پر گورز انٹرٹینمنٹ کی جانب سے تقسیم کی جائے گی۔