لاہور: پاکستان تحریک انصاف اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان اختلافات ختم ہونے کے بعد اتحاد بنانے کی تیاریاں شروع کردی گئیں، دونوں جماعتوں کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا امکان پیدا ہوگیا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات کے بعد دونوں پارٹیوں کے درمیان تعلقات میں بہتری آگئی۔
دونوں جماعتوں کے درمیان آئندہ انتخابات سے قبل سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء سینیٹراعجاز چوہدری کا کہنا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی کے امیر سعد رضوی کی رہائی کے بعد ان سے ملاقات کرونگا۔
سینیٹر اعجاز چوہدری کا کہنا تھاکہ سعدرضوی کی رہائی پرگلدستہ لےکر ملاقات کیلئے جاؤں گااورکالعدم تحریک لبیک سے سیاسی معاملات پرگفتگو جلد شروع کریں گے۔
تحریک انصاف کے رہنماء اعجاز چوہدری کا کہنا تھاکہ کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ حکومتی معاہدہ خوش آئند ہے اور پرامید ہوں کہ معاہدہ جلدی پایہ تکمیل پر پہنچے گا۔
واضح رہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے 800 سے زائد کارکنوں کو جیلوں سے رہا کر دیا گیاہے، تقریباً دو ہفتوں سے جاری احتجاج اور جھڑپوں کو ختم کرنے کے لیے کالعدم تنظیم کے ساتھ معاہدے تک پہنچنے کے چند دن بعدیہ عمل آج شروع ہوا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم نے وزراء کو ٹی ایل پی سے متعلق بیانات دینے سے روک دیا