سرکاری ٹی وی اینکر کا ناشائستہ رویہ، شعیب اختر نے لائیوشو میں استعفیٰ دیدیا

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سرکاری ٹی وی اینکر کا ناشائستہ رویہ، شعیب اختر نے لائیوشو میں استعفیٰ دیدیا
سرکاری ٹی وی اینکر کا ناشائستہ رویہ، شعیب اختر نے لائیوشو میں استعفیٰ دیدیا

اسلام آباد: دنیا کے تیز ترین فاسٹ بالر اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی شعیب اختر نے سرکاری ٹی وی اینکر کے ناشائستہ رویے پر براہِ راست (لائیو) شو کے دوران استعفیٰ دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ایکسپریس کہلانے والے شعیب اختر نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران شاندار کارکردگی پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی حارث رؤف کو سراہا اور اس کا کریڈٹ لاہور قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کو دیا جس سے سرکاری ٹی وی اینکر کو اختلاف تھا جس کا اظہار ناشائستگی سے کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:

وزیر اعظم  اور کرکٹرز کی نیوزی لینڈ کے خلاف فتح پر مبارکباد

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ،پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 5وکٹوں سے شکست دے دی

 جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو ہرا دیا

ورلڈ کپ سے متعلق لائیو شو میں لاہور قلندرز کی تعریف کرنے پر سرکاری ٹی وی میزبان ڈاکٹر نعمان نے شعیب اختر سے بدتمیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راولپنڈی ایکسپریس کو شو سے اٹھ کر جانے کا کہا۔ اس موقعے پر ویسٹ انڈیز کے لیجند ویو رچرڈز، ڈیوڈ گاور، عاقب جاوید، راشد لطیف اور عمر گل بھی موجود تھے۔ 

تمام اسٹار کرکٹرز کے سامنے شعیب اختر نے حارث رؤف کی تعریف کرتے ہوئے انہیں لاہور قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کی پیداوار قراردیا جسے  سرکاری ٹی وی میزبان نے گول کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ شاہین آفریدی انڈر 19 سے قومی ٹیم میں آئے۔ ڈاکٹر نعمان نے شعیب اختر پر بدتمیزی کا الزام لگا کر شو چھوڑنے کا کہا جس پر وہ ناراض ہو گئے۔

ٹی وی میزبان اور شعیب اختر کے مابین تلخی پر بریک لی گئی جس کے بعد شعیب اختر نے لائیو شو کے دوران مستعفی ہونے کا اعلان کیا اور شو چھوڑ کر چلے گئے۔ سوشل میڈیا صارفین نے سرکاری ٹی وی اسپورٹس شو میں شعیب اختر جیسے قومی اسٹار پلیئر کے ساتھ بدتمیزی پر میزبان ڈاکٹر نعمان کو نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب نجی ٹی وی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ شعیب اختر اور ڈاکٹر نعمان نیاز نے پی ٹی وی اسپورٹس کا ورلڈ کپ کے متعلق لائیو شو جاری رکھنے پر اتفاق کرلیا۔ ناراضی کے بعد راولپنڈی ایکسپریس اور ٹی وی میزبان کے مابین معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں۔ شعیب اختر کا کہنا ہے کہ مجھے معلوم نہیں، ڈاکٹر نعمان نے ایسا کیوں کیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے شو میں ناشائستہ رویے پر پروگرام کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لائیو شو سے اٹھ کر جانے کا کہہ دیا گیا۔ ڈاکٹر نعمان کا رویہ ناقابلِ برداشت تھا، انہوں نے شو کے دوران مجھے جانے کا کیوں کہا، سمجھ میں نہیں آتا۔ ٹی وی پر کسی اسٹار کی یوں توہین مناسب نہیں ہوتی۔

اسٹار کرکٹر شعیب اختر نے کہا کہ میں چاہتا تھا کہ شو کے دوران یہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہوجائے، لیکن ڈاکٹر نعمان نیاز نے مجھ سے لائیو شو میں معذرت نہیں کی جس سے بین الاقوامی سطح پر اچھا پیغام نہیں گیا۔ پھر میں نے سوچا کہ مجھے چلے جانا چاہئے، اس لیے میں نے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے مجھے قومی ٹی وی پر بے عزت کیا۔

شعیب اختر نے کہا کہ قومی اسٹار ہونے کے ناطے مجھے بہت برا لگا کہ دیگر کرکٹ کے ستارے اور غیر ملکی لیجنڈز ہمارے ساتھ بیٹھے ہیں، وہ کیا سوچیں گے؟میں نے پروگرام کے دوران ڈاکٹر نعمان سے مل کر معاملات سلجھانے کی کوشش کی۔ پھر میں نے پروگرام چھوڑ کر چلے جانے کا فیصلہ کیا۔ یہ بڑا افسوسناک واقعہ رہا جو نہیں ہونا چاہئے تھا۔ 

Related Posts