مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہاکہ نواز شریف سے محبت کرنے والوں سے درخواست ہے کہ نواز شریف کی صحت کے لئے خصوصی دعا کی جائے،ان کی صحت کے حوالے سے خدشات ہیں لیکن وہ سٹیبل ہیں اللہ انہیں مکمل صحت عطا فرمائے۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف کی کنڈیشن کے حوالے سے دنیا بھر میں لکھا گیا کہ اس حالت میں مریض کو ٹینشن نہیں دینی چاہئے ،اس حالت میں مریض کو ٹینشن دینا زہر دینے کے مترادف ہے لیکن اس کے باوجود مریم نواز کو رات 2 بجے واپس جیل جانے کو کہا گیا۔
اس دوران نواز شریف کو آرام کرتے ہوئے اٹھایا گیا،اگر رات کو یہ ٹینشن پیدا نہ کی جاتی تو کون سی پاک بھارت ایٹمی جنگ چھڑ جانی تھی یہ حالت حکمرانوں کی چھوٹی سوچ ہے۔انہوں نے کہاکہ بغض، کینہ اور پتھر دل والے یہ حکمران ہیں وقت کبھی ایک جیسا نہیں رہتا۔
نواز شریف نے اس ملک کو ایٹمی طاقت بنایااوروہ آج بھی کروڑوں عوام کے دلوں پر راج کرتے ہیں۔نواز شریف نے اپنی سیاست کو غریبوں کسانوں کے لئے وقف رکھا،آج نواز شریف کو اس عوام کی دعائوں کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: علاج کے لئے باہر جانے یا نہ جانے کافیصلہ نواز شریف خود کریں گے، خواجہ آصف