اسلام آباد: کالعدم تحریک لبیک کی جانب سے اسلام آباد مارچ کے اعلان کے بعد راولپنڈی لیاقت باغ سے لیکر شمس آباد فیض آباد میں آرمی، رینجرز، ایلیٹ فورس، پنجاب پولیس اور وفاقی پولیس کو تعینات کر دیا گیا ہے۔جڑواں شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق باؤزرز اور قیدیوں کو لے کر جانے والی گاڑیاں بھی موقع پر موجود ہیں،واضح رہے کہ تحریک لبیک نے آج جمعہ کی نماز کے بعد احتجاج کی کال دے رکھی ہے،وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں کالعدم تحریک لبیک کے کارکنان کی گرفتاری کے لئے کریک ڈاون شروع کردیا گیا۔
اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے 24سے زائد کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا، تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے09،تھانہ گولڑہ پولیس نے 4، تھانہ کرال نے 2 کارکنان کو حراست میں لیا ہے، تھانہ بنی گالا پولیس نے تین،تھانہ رمنا نے دو،تھانہ سہالہ نے دو اور لوہی بھیر پولیس نے بھی دو کارکنان کو گرفتار کیا ہے۔
راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں سے تقریبا 50سے زائد کالعدم تحریک لبیک کے کارکنان کو گرفتار کیا ہے، گرفتار شدہ کارکنان مارچ کر رہے تھے، آر پی او راولپنڈی اور آئی جی پولیس اسلام آباد کی طرف سے سخت چیکنگ کے احکامات کے بعد شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
آنے جانے والوں کی جامع تلاشی لی جا رہی ہے کالعدم تحریک لبیک کے کارکن کو دیکھتے گرفتار کرنے اور مقدمہ درج کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں جبکہ جڑواں شہروں میں حالات کشیدہ ہیں، تاہم ابھی تک کسی بڑے عہدیدار کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
کالعدم تحریک لبیک کا اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان