لاہور:کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ کے پہلے راؤنڈ کا پہلا روز مکمل ہوگیا ہے۔
ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں جاری سینٹرل پنجاب اور سندھ کے مابین تین روزہ میچ کے پہلے روز سینٹرل پنجاب کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 293 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئی ہے۔
اوپنر عمران ڈوگر 13 چوکوں کی بدولت 75 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ آلراؤنڈر اسفند مہران نے 9 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 71 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد عرفان نے 42 رنز بنائے۔
سندھ کے امتیاز لغاری نے 44 رنز کے عوض 4 جبکہ محمد شاہد اور غلام مدثر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سندھ نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 32 رنز بنالیے ہیں۔
جہانزیب سلطان 22 رنز بناکر آؤٹ ہوچکے ہیں۔ صائم ایوب 9 اور امتیاز لغاری بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود ہیں۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری میچ کے پہلے روز بلوچستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 219 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ہے۔ آلراؤنڈر محمد شاہد 13 چوکوں کی مدد سے 91 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ فہد اقبال 44 اور ثناء اللہ 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
احمد جمال نے 3 جبکہ زوہیب خان اور ذیشان خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں خیبرپختونخوا نے اپنی پہلی اننگز کے 17 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 31 رنز بنالیے ہیں۔ خیام خان 10 اور ذیشان احمد 6 کے انفرادی اسکور سے میچ کے دوسرے روز کھیل کا دوبارہ آغاز کریں گے۔
اُدھر رانا نوید الحسن اکیڈمی شیخوپورہ میں جاری میچ کے پہلے روز ناردرن کے 329 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب نے اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 15 رنز بنالیے ہیں۔ وقار حسین 6 اور شرون سراج 5 کے انفراد ی اسکور سے میچ کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔
اس سے قبل ناردرن کے کپتان عمر وحید نے 17 چوکوں کی مدد سے 132 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے چوتھی وکٹ کے لیے مبصر خان کے ہمراہ 140 رنز کی شراکت قائم کی۔ مبصر خان 83 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے شامل تھے۔ علی عثمان نے 111 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ کلیم اللہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور روس کی خصوصی افواج انسداد دہشتگردی کی مشقوں میں حصہ لیں گی