واشنگٹن: امریکا کی جو بائیڈن حکومت نے کورونا ویکسین لگوانے والے فضائی مسافروں کیلئے پابندیوں میں نرمی کردی، نومبر میں چین، بھارت، برازیل اور یورپی ملکوں سمیت 33 ممالک کے مسافر امریکا آمدورفت کے اہل ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیشِ نظر فضائی سفر پر عائد پابندیاں ہٹانے کیلئے یہ درست وقت نہیں، تاہم جو بائیڈن حکومت نے معاشی مسائل کے پیشِ نظر پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا۔
جوبائیڈن حکومت کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں کے پیشِ نظر دنیا کے بیشتر ممالک کے شہری امریکا آمدورفت سے محروم ہو گئے تھے جن میں ایسے شہری بھی شامل ہیں جن کے امریکا میں رشتہ دار یا کاروباری روابط پائے جاتے ہیں۔
یورپی یونین کے 26 رکن ممالک بشمول فرانس، جرمنی، اٹلی، اسپین، سوئٹزرلینڈ اور یونان کے ساتھ ساتھ برطانیہ، آئر لینڈ، چین، بھارت، جنوبی افریقہ، ایران اور برازیل کے ویکسین کی 2 خوراکیں مکمل کرنے والے مسافروں کو امریکا آمدورفت کی اجازت ہوگی۔
جنوری 2020 میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سمیت دیگر متعدد ممالک پر پابندیاں عائد کیں جنہیں درجنوں ممالک تک غیر معینہ مدت کیلئے بڑھا دیا گیا۔ امریکا نے کورونا وباء کے دوران 150 سے زائد ممالک سے فضائی مسافروں کو آمد کی اجازت دے دی۔
ویکسین نہ لگوانے والے مسافر اب بھی امریکا آمدورفت سے محروم رہیں گے۔ بیرونِ ملک سے سفر کرنے والے امریکیوں کو بھی ویکسین لگوانے اور سفر کے ایک روز کے اندر کورونا منفی ٹیسٹ رپورٹ دکھانا لازمی قرار دے دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں ڈینگی بخار، یو پی سب سے زیادہ متاثر، 114 افراد ہلاک