اورنگی میں گھر کی چھت گر نے سے ماں اور 3بچے جاں بحق

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

mother and three children were killed for roof collapsed in Orangi

 کراچی:ضلع غربی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک گھر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ماں اور 3بچے جاں بحق ہو گئے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ویسٹ کراچی سہائے عزیز کے مطابق واقعہ بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے حادثاتی طور پر قصبہ کالونی کی آبادی ایم پی آر کالونی کی گلی نمبر 15 میں پیش آیا۔

ایس ایس پی سہائے عزیز کے مطابق گزشتہ رات ہونے والی بارش کا پانی آبادی میں جمع ہو گیا اور مبینہ طور پر پانی اس مکان میں بھی داخل ہو گیا تھا۔

مزید پڑھیں:کراچی میں بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں، سرکاری عملہ پانی نکالنے میں مصروف

پانی گھر میں داخل ہونے کے باعث گھر کا مالک رسول سعید اور دیگر اہلِ خانہ گھر سے باہر نکل آئے تاہم خاتون اور اس کے بچے کمرے میں سوتے رہے کہ اس دوران یہ مکان منہدم ہو گیا۔

علاقہ مکینوں نے بتایاکہ رات گئے بارش کے بعد دیوار گری، لاشوں کو صبح نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کی شناخت 4 سالہ بشیر، 7سالہ منیبہ، 10 سالہ نصیب اور 28 سالہ سید خاوا زوجہ رسول سعید کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ صبح سویرے پیش آیا جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے منہدم ہونے والے مکان کا ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر ملبے سے 4 افراد کی لاشیں ملی ہیں جو گھر میں رہائش پذیر خاتون اور ان کے 3 بچوں کی ہیں۔

ایس ایس پی سہائے عزیز کے مطابق ملبے میں سے 10 سالہ بچے کو زخمی حالت میں بھی نکالا گیا ہے۔چاروں میتوں اور زخمی بچے کو ایمبولینسز کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ گھر کی دیوار نجی ہاؤسنگ اسکیم کی دیوار کی وجہ سے گری، پہاڑ پر بنی ہاؤسنگ اسکیم کی دیوار بارش کے دوران گری تو گھر میں بچے سورہے تھے، رات بھر جدوجہد کرکے بچوں اور خاتون کی لاشوں کو باہر نکالا۔پولیس کے مطابق واقعے کی چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔

Related Posts