جنیوا: تعلیم پر حملوں کے خلاف عالمی دن آج دنیا بھر میں منایا جارہا ہے جبکہ اس موقعے پر اقوامِ متحدہ طلبہ کی دُنیا محفوظ بنانے کیلئے پر عزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں تعلیم کے دہشت گردی سمیت دیگر منظم حملوں سے حفاظت کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے۔ اقوامِ متحدہ نے قطر کی تجویز پر 2 سال قبل یہ عالمی دن منانے کا فیصلہ کیا۔
آج عالمی دن کے موقعے پر اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ تعلیم پر حملے بنیادی انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزی ہیں جنہیں بند ہونا چاہئے۔
اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ آج عالمی برادری کو طلبہ کیلئے محفوظ مقامات کی ضرورت ہے جہاں سب معیاری تعلیم حاصل کرسکیں اور تعلیم کی دوڑ میں کوئی پیچھے نہ رہ جائے۔
Attacks on education are a heinous violation of human rights.
To ensure no one is left behind, we need safe places for students to learn & quality education for all. pic.twitter.com/Ay3bZVrwZp
— António Guterres (@antonioguterres) September 9, 2021
تعلیم کو اقوامِ متحدہ انسان کا بنیادی حق تسلیم کرتا ہے، تمام بچوں اور نوجوانوں کو تعلیم تک بلا روک ٹوک رسائی دی جانی چاہئے، تاہم موجودہ دور میں تعلیم پر منظم انداز میں حملے کیے جاتے ہیں۔
گزشتہ 5 سے 6 سال کے دوران 36 سے زائد ممالک میں تعلیم پر 11 ہزار سے زائد حملے ہوئے جن میں فضائی بمباری، گولہ بارود اور دیگر اسلحہ استعمال ہوا۔
تحصیلِ علم میں مصروف طلبہ و طالبات، اساتذہ اور ماہرینِ تعلیم کو بے دردی سے قتل کیا گیا۔ ایک رپورٹ کے مطابق 5 سال میں تعلیم کے خلاف 93ممالک میں 73 ہزار سے زائد واقعات پیش آئے۔
کورونا وائرس نے بھی بچوں اور نوجوانوں کو تعلیم سے دور کردیا ہے۔ دنیا بھر میں سب سے زیادہ اسکول وائرس سے متاثر ہو کر بند ہوگئے۔ لاکھوں بچے اسکولز اور نوجوان کالجز سے دور ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: نائن الیون پرخفیہ تفتیش منظرِ عام پر لانے کا فیصلہ، سعودی عرب کا خیر مقدم