افغانستان میں پنجشیر پر بھی طالبان قابض، ذبیح اللہ مجاہد کا عام معافی کا اعلان

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

افغانستان میں پنجشیر پر بھی طالبان قابض، ذبیح اللہ مجاہد کا عام معافی کا اعلان
افغانستان میں پنجشیر پر بھی طالبان قابض، ذبیح اللہ مجاہد کا عام معافی کا اعلان

کابل: افغانستان میں پنجشیر کے علاقوں پر بھی طالبان نے کنٹرول حاصل کر لیا، ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے عام معافی کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجشیر پر فتح کے بعد پریس کانفرنس کے دوران ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ پہلے ہماری کوشش تھی کہ افغانستان میں مذاکرات سے امن آئے تاہم جرگوں اور مذاکرات سے کامیابی نہیں ملی۔

پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے طالبان کے ترجمان نے کہا کہ جب مذاکرات اور جرگوں سے بات آگے بڑھ گئی تو پنجشیر میں طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔ کئی جگہوں سے اسلحہ لے کر پنجشیر میں ہی رکھا گیا تھا۔

گفتگو کے دوران ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ پنجشیر میں فتح حاصل ہوگئی ہے، عوام پریشان نہ ہوں، ہم عام معافی کا اعلان کر رہے ہیں۔ اب معاملہ نئی حکومت کی طرف جائے گا۔ طالبان کا مقصد پر امن افغانستان ہے۔

افغان طالبان کے ترجمان نے کہا کہ ہم چاہتے تھے پنجشیر میں لڑائی نہ ہو، جنگ نہ کی جائے تاہم مزاحمت کرنا مجبوری بن گیا۔ تمام لوگوں کے ساتھ بلا امتیاز مساوی سلوک کریں گے۔ کسی کو تشویش کی ضرورت نہیں ہے۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ جنگ کے دورا ن بھی بھرپور کوشش کی گئی کہ افغان عوام کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔ جھڑپوں کے دوران باغی جنگجو ہلاک اور فرار ہوئے اور عوام ان کے شر سے آزاد ہوگئے۔

ترجمان افغان طالبان نے کہا کہ پنجشیر پر فتح کے بعد افغانستان میں جنگ نہیں ہوگی۔ عوام امن سے زندگی گزاریں گے۔ پنجشیر کے لوگ ہمارے بھائی ہیں جو ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرسکیں گے۔

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ہم نے ہر جگہ سرچ آپریشنز کیلئے خصوصی فورسز بنائی ہیں تاکہ شرپسندی کا خاتمہ ہو۔ عوام مزید جنگ نہیں چاہتے۔ ترکی اور مشرقِ وسطیٰ کی مدد سے کابل ائیرپورٹ بحال کیا جائے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ کابل ائیرپورٹ کو جلد پروازوں کیلئے بحال ہوگا۔ ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اقتدار سنبھالتے ہی طالبان افغانستان کے معاشی مسائل حل کریں گے۔ عالمی برادری افغانستان کیلئے مالی معاونت کرے۔ 

یہ بھی پڑھیں: پنجشیر میں احمد مسعود طالبان سے مذاکرات کیلئے تیار

Related Posts