اسلام آباد: مالی سال 22-2021 کے پہلے 2 مہینوں یعنی جولائی اور اگست کے دوران برآمدات 4 ارب 57 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز جبکہ درآمدات 12 ارب 6 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز تک پہنچ گئیں ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق بیرونی تجارت میں 7 ارب 49 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے ۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال 21-2020 میں جولائی اور اگست کے دوران برآمدات 3 ارب 58 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز تھیں جو رواں مالی سال 22-2021 کے پہلے 2 ماہ کے دوران 4 ارب 57 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں اور ان میں 27.59 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مالی سال 22-2021 کے پہلے دو مہینوں یعنی جولائی اور اگست کے دوران درآمدات 6 ارب 99 کروڑ ڈالرز سے بڑھ کر رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ جولائی اور اگست کے دوران 12 ارب 6 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہیں۔ اس طرح گزشتہ سال کے پہلے دو ماہ کے مقابلے میں درآمدات میں72.59 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ مالی سال 21-2020 کے پہلے 2 ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 3 ارب 40 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز رہا جبکہ حالیہ مالی سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 7 ارب 49 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز رہا۔ اس طرح تجارتی خسارے میں 119 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم عمران خان کی ایف سی کی چیک پوسٹ پر کالعدم ٹی ٹی پی کے حملے کی شدید مذمت