دبئی: یو اے ای حکومت نے شناخت چھپا کر انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں پر کروڑوں کا جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے ورچؤل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی این) کا غلط استعمال کرنے والوں کو سزا دینے کا فیصلہ کر لیا۔ عرب میڈیا نے امریکی کمپنی کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ رواں برس وی پی این ڈاؤن لوڈنگ کا رجحان ریکارڈ حد تک بڑھا۔
مذکورہ امریکی کمپنی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ رواں برس متحدہ عرب امارات کے 39 لاکھ صارفین نے وی پی این سے متعلق مختلف سافٹ وئیرز ڈاؤن لوڈ کیے جو شناخت چھپا کر انٹرنیٹ سرفنگ کیلئے استعمال ہوتے ہیں اورغیر قانونی ہوسکتے ہیں۔
عرب ممالک اور بھارت میں وی پی این کے استعمال میں حالیہ دنوں میں بے حد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ قطر میں 44 فیصد، عرب امارات 39.9، سنگاپور 29.59، عمان 24.79 جبکہ بھارت میں 25.27فیصد لوگ وی پی این فونز یا کمپیوٹر کے ذریعے استعمال کرتے ہیں۔
عرب امارات حکومت کے مطابق جامعات، نجی ادارے اور بینک اپنی حدود میں وی پی این استعمال کرتے ہیں جو غیر قانونی نہیں تاہم شناخت چھپا کر غیر قانونی طور پر انٹرنیٹ استعمال کرنے پر 5 سے 20 لاکھ درہم تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
قبل ازیں کچھ ایسی خبریں بھی سوشل میڈیا کی زینت بنیں جن میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی اے نے پاکستان میں پب جی اور ٹک ٹاک کے بعد وی پی این پر بھی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، تاہم آگے چل کر خبریں بے بنیاد ثابت ہوئیں۔
گزشتہ ماہ پی ٹی اے (پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی) نے پب جی کے بعد ایمازون ویب سروس اور ورچؤل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) بند کرنے کی خبروں کی تردید کردی۔
پی ٹی اے نے 28 جولائی کو اعلامیہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ پب جی کی بندش کے باعث ایمازون ویب سروسز معطل ہوئیں، تاہم یہ بات بے بنیاد ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی پہلے ہی آفیشل ویب سائٹ پر ورچؤل پرائیویٹ نیٹ ورک کی رجسٹریشن کا طریقہ شائع کرچکی ہے۔
مزید پڑھیں: پب جی کے بعد وی پی این بند کرنے کی خبروں کی تردید