کراچی:جمعیت علمائے اسلام کے قائد اورپی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کی انتخابی اصلاحات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ دھاندلی کی پیداوار حکومت کے تحت انتخابات قبول نہیں، بلدیاتی انتخابات کا اعلان ڈھونگ ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہمارامطالبہ منصفانہ عام انتخابات ہیں،گھریلو تشدد اور وقف املاک کے حوالے سے پارلیمنٹ میں زیر غور دونوں بل آئین و قانون اور قرآن سنت کے منافی ہیں، گھریلو تشدد کے خاتمے کے حق میں ہیں لیکن موجودہ قانون سے خاندانی زندگی تباہ و برباد ہوگی۔
ہم پر مسلط کی گئی حکومت ناجائز ہے،نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان دنیا میں تنہا ہورہاہے،پاکستان کو سیکولر اسٹیٹ بنانے کے لئے قانون سازی نہیں کرنے دیں گے،عمران خان پاکستانی سیاست کا غیر اہم حصہ ہے،نا اہل حکمرانوں نے ملک کو تنہا کردیا ہے۔
کے پی کے میں کورونا کی مد میں تین ارب کی کرپشن ہوئی ہے،پی ڈی ایم کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں ملک گیر احتجاج کی حکمت عملی طے کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوارکی شب جے یوپی کے سربراہ صاحبزادہ اویس نورانی کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ بیت الرضوان پرپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ گھریلو تشدد اور وقف املاک کے حوالے سے پارلیمنٹ میں زیر غور دونوں بل آئین سے متصادم ہیں،گھریلو تشدد کے خاتمے کے حق میں ہیں لیکن موجودہ قانون سے خاندانی زندگی تباہ و برباد ہوگی،اس بل میں قرآن و سنت کے منافی شقیں شامل کی گئی ہیں۔
ہم خاندانی نظام بچانے کے لیے پوری قوت سے نکلیں گے علماء کرام کی کمیٹی ان بلز کا جائزہ لے رہی ہے اس کے بعد اے پی سی بلائی جائیگی ملک گیر احتجاج ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ملک تنہا ہوتا جارہے ہے،بے روزگاری عام ہے، نوجوان نسل مایوس ہے جو ایک المیہ ہے،افغانستان کی نئی صورت حال میں ایک بڑے اسٹیک ہولڈر کو سلامتی کونسل کے اجلاس میں بلایا نہیں گیا۔
جوبائیڈن ملک کے جعلی وزیر اعظم سے بات کرنے کو تیار نہیں،امریکہ پاکستان پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہے،موجودہ حکومت غیر آئینی و غیر قانونی ہے،انہوں نے کہا وزیراعظم نے دعوی کیا کہ ہم امریکہ کو اڈے نہیں دیں گے۔
جواب میں امریکہ نے کہا ہم نے اڈے مانگے ہی نہیں ہیں،ایسا جھوٹا وزیر اعظم ہم پر مسلط ہے۔مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ عمران خان ملکی سیاست کا غیر ضروری عنصر ہے وہ منتخب نہیں ہے کشمیر فروخت ہو چکا ہے ناہل حکمرانوں کی وجہ سے قوم مایوس ہوچکی ہے۔
مزید پڑھیں: حلیم عادل شیخ صوبے کی سیاست میں بد اخلاقی کی پہچان ہیں،ناصر حسین شاہ