نجی بینک میں کروڑوں کاغبن، سونے کے عوض قرض لینے والے کس کا اعتبار کریں؟

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

نجی بینک میں کروڑوں کاغبن، سونے کے عوض قرض لینے والے کس کا اعتبار کریں؟
نجی بینک میں کروڑوں کاغبن، سونے کے عوض قرض لینے والے کس کا اعتبار کریں؟

کراچی میں ایک نجی بینک کے عملے نے اپنے ہی بینک کا صفایا کردیا اور شہرِ قائد میں قائم 2 برانچز کے منیجرز نے عملے کے ساتھ مل کر کسٹمرز کے جمع کرائے گئے اصلی سونے کے زیورات جعلی سونے سے تبدیل کر ڈالے۔

پولیس نے ایک برانچ کی خاتون منیجر سمیت 8 افراد کو گرفتار کر لیا۔ عوام اپنا سونا، زیورات اور دیگر سازوسامان سمیت تمام تر پیسہ بینکوں میں رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں اور جب یہ چیزیں گھر میں رکھی جائیں تو ڈاکہ پڑ جاتا ہے۔

سوال یہ ہے کہ سونا لے کر گھومنے والے اور اپنے سازوسامان کو بحفاظت رکھنے کیلئے بینک لاکرز کو بہترین مقام سمجھنے والے شہری اور کاروباری شخصیات اگر بینکوں پر بھی بھروسہ نہیں کرسکتیں تو پھر اس مسئلے کا کیا حل تلاش کیا جائے؟ آئیے غور کرتے ہیں۔

نجی بینک میں کروڑوں کا غبن

یہ قصہ کچھ یوں ہے کہ جے ایس بینک کی 2 برانچز کے عملے نے اپنے ہی بینک پر کروڑوں کا ڈاکا ڈالا، جس پر 8 افراد دھر لیے گئے جبکہ یہ وارداتیں بینک کی گلشنِ اقبال اور گلستانِ جوہر برانچز میں پیش آئیں۔

دونوں برانچز کے منیجرز عملے کے ساتھ مل کر ڈکیتی کی واردات میں ملوث ہوئے اور لاکرز میں رکھے ہوئے کسٹمرز کے سونے کے زیورات مصنوعی سونے سے تبدیل کرڈالے اور اسی جعلی سونے اور کسٹمرز کے ذریعے کم و بیش 75کروڑ کا خطیر قرض حاصل کرلیا گیا۔ 

گلستانِ جوہر میں ڈکیتی کا انکشاف 

آج سے 5 روز قبل 2 اگست کو معمول کے آڈٹ کے دوران برانچ کے لاکرز میں رکھے گئے سیل شدہ بیگز میں سے 50 چیک ہوئے جن کے زیورات نقلی نکلے۔ آڈٹ افسران نے ہیڈ آفس کو مطلع کردیا۔ اگلے روز ایک اور آڈٹ ٹیم بینک چلی آئی۔

مذکورہ آڈٹ ٹیم نے 150 بیگز چیک کئے تو مزید سونا نقلی نکلا۔ قبل ازیں 28 کلائنٹس 55زیورات رہن رکھوا کر 55کروڑ کا خطیر قرض حاصل کرچکے تھے جس پر 5 ملزمان گرفتار کیے گئے اور مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔ 

گلشنِ اقبال کی ڈکیتی اور قانونی کارروائی 

اسی بینک کی گلشنِ اقبال برانچ میں بھی منیجر اور عملہ اسی کام میں ملوث پایا گیا۔ بیت المکرم مسجد کے قریب مذکورہ بینک کی برانچ میں غبن کا مقدمہ کراچی کے تھانہ عزیز بھٹی میں درج ہے جس کے مطابق 11 کلائنٹس نے سونے کا زیور گروی رکھ کر 20 کروڑ 40 لاکھ بطور قرض حاصل کیے۔

واردات کا انکشاف 3 روز قبل ہوا۔ آڈٹ کرنے پر پتہ چلا کہ بیگز میں موجود زیورات اور سونا اصلی نہیں ہے۔ ڈکیتی کے دونوں مقدمات میں مجموعی طور پر8 ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں۔ ایک خاتون تاحال مفرور ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 3 کلو 100 گرام سونا اور 20 لاکھ 30 ہزار روپے کی رقم برآمد ہوچکی ہے۔ گرفتار ہونے والے افراد کی تعداد، برآمد کی گئی رقم اور زیورات میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ 

سونا گروی رکھ کر قرض لینے والوں کا مسئلہ 

جن لوگوں کے پاس دولت وافر مقدار میں موجود ہو اور وہ صرف کاروبار کیلئے قرض لینا چاہیں، عام طور پر گھر کے زیورات اور سونا کبھی گروی نہیں رکھتے۔ سونا اور گھریلو خواتین کے زیورات گروی رکھنےوالے لوگ عام طور پر غریب یا متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔

نجی بینک کی 2 برانچز میں ڈکیتی کی اس واردات سے کتنے لوگ متاثر ہوئے، یہ وہ سوال ہے جس کا تاحال کسی کے پاس جواب نہیں۔ سونا گروی رکھ کر قرض لینے والے لوگ پہلے ہی مجبور ہوتے ہیں جن کے پاس کسی بینک کا دروازہ کھٹکھٹانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہوتا۔ 

Related Posts