لاہور: صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر کو گھر پر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا جس نے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی موجودگی میں تقریب کے دوران فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مبشر کھوکھر کو شادی کی تقریب میں نشانہ بنایا گیا۔ فائرنگ کرنے والے ملزم ناظم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ فائرنگ وزیر اعلیٰ کی روانگی کے وقت کی گئی۔ ملزم نے اچانک تینوں بھائیوں پر فائر کھول دیا۔
صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بھائی کے قتل کے کیس میں تفتیش سے واضح ہوا کہ ملزم ویٹر کی وردی میں ملبوس تھا، اس لیے چیک نہ کیا جاسکا۔ ملزم نے پوائنٹ بلینک رینج پر فائرنگ کی اور سیدھا مقتول مبشر کھوکھر کے سر کو نشانہ بنایا۔
ملزم نے 9 ایم ایم کے پستول سے مبشر کھوکھر پر 4 فائر کیے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی انتظامات سے متعلق جامع انکوائری اور ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
حملہ آور نے مبشر کھوکھر کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔ اپنے ابتدائی بیان میں قاتل نے کہا کہ مبشر کھوکھر میرے چچا کے قتل میں ملوث تھا۔ میں نے چچا کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے مقتول کی جان لی۔
ایک عینی شاہد کا کہنا ہے کہ حملہ آور میرے پاس کھڑا تھا۔ ملزم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے جاتے ہی فائرنگ کردی۔ ایک ہی گولی چلائی جو مبشر کھوکھر کو لگ گئی۔ حملے کے بعد پولیس نے ملزم کو فوراً پکڑلیا۔
یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت کا موٹر سائیکل کی عقبی نشست پر بیٹھ کر اپنے حلقے کا دورہ