اسلام آباد: گھریلو ظلم و تشدد کا شکار ویشہ ابوبکر نے تحفظ کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے شوہر نے میرے خاندان کو قتل کرنے کی دھمکیاں دیں، دوسری نور مقدم نہیں بننا چاہتی، قاتل شوہر سے بچایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق یہ پہلا موقعہ نہیں جب نواب اکبر بگٹی کے سب سے چھوٹے بیٹے شاہ زوار بگٹی کی بیوی نے پہلی بار شکایت کی ہو کہ ان کی زندگی ان کے شوہر کی وجہ سے خطرے میں ہے، پہلی مرتبہ سوشل میڈیا پر ان کی یہ شکایت رواں برس اپریل میں سامنے آئی۔
حال ہی میں ویشاابوبکر کی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں انہوں نے اپنی 2 سالہ بیٹی کے ہمراہ اپنی حفاظت کی التجا کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے حفاظتی اقدامات کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ میں دوسری نور مقدم نہیں بننا چاہتی۔
تازہ ترین ویڈیو میں شاہ زوار بگٹی کی اہلیہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی ناپسندیدہ ترین شادی 7سال بعد ختم کردی۔ انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ شاہ زوار بگٹی نے علیحدگی کے فیصلے کے بعد انہیں قتل کرنے کیلئے ٹارگٹ کلر بھیج دیا۔
سابق پاکستانی سفیر کی بیٹی نور مقدم قتل کیس کا ذکر کرتے ہوئے متاثرہ خاتون نے کہا کہ میں اپنے شوہر کے ہاتھوں قتل نہیں ہونا چاہتی۔ شاہ زوار بگٹی کی سابقہ اہلیہ نے کہا کہ نور مقدم کو مدد کیلئے اپیل کرنے کا موقع نہیں ملا، لیکن میں پیل کر رہی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کہ مجھے قتل کردیا جائے، میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، عدلیہ اور اعلیٰ حکام سے گزارش کرتی ہوں کہ مجھے تحفظ فراہم کیا جائے اور قاتل شوہر کے ظلم سے نجات دلائی جائے۔ ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
قبل ازیں شاہ زوار بگٹی کی اہلیہ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) پر شوہر کی طرف سے قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد اسے گرفتار کرنے سے انکار کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ میری زندگی خطرے میں ہے تاہم سوشل میڈیا پر اسے ٹاپ ٹرینڈ نہ بنایا جاسکا۔
رواں برس کے دوران نور مقدم قتل کیس سمیت متعدد خواتین، بچیوں اور لڑکوں کے خلاف ظلم و تشدد اور قتل کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے مجرموں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ شاہ زوار بگٹی کی اہلیہ کا کیس اپریل سے سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نور مقدم کیس، سوشل میڈیا صارفین ظاہرجعفر سے وی آئی پی سلوک پر برہم