بھارتی اداکارہ انوشکا شرما نے لندن کی گلیوں میں مٹر گشت کرتے ہوئے اپنی تصاویر شیئر کی ہیں جنہیں سوشل میڈیا صارفین نے بے حد سراہا۔
تفصیلات کے مطابق انوشکا شرما نے برطانیہ کے علاقے درہم سے 2 تصاویر شیئر کیں جبکہ انگلینڈ میں بھارتی اداکارہ گزشتہ ماہ سے اپنے شوہر اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کے ہمراہ قیام پذیر ہیں۔
اے دل ہے مشکل، پی کے، رب نے بنا دی جوڑی اور سلطان سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی انوشکا شرما نے ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ 10 ہزار قدم اور کچھ خوبصورت تصاویر کھینچی گئیں۔
اپنی تصاویر میں ایک اور بھارتی فنکارہ کو ٹیگ کرکے انوشکا شرما نے واضح کیا کہ وہ بالی ووڈ اداکارہ اتھیا شیٹھی کے ہمراہ بھی کبھی کبھار باہر نکلتی ہیں اور انگلینڈ کی گلیوں میں مٹر گشت کا لطف اٹھاتی ہیں۔
بینڈ باجا بارات، زیرو، جب تک ہے جان، پری، سوئی دھاگا اور لیڈیز ورسز رکی بھائی سمیت متعدد بھارتی فلموں میں جلوہ گر ہونے والی انوشکا شرما نے شیئر کی گئی تصویر میں نیلے رنگ کی جینز اور سفید جیکٹ پہن رکھی ہے۔
رواں ماہ اِس سے قبل اداکارہ انوشکا شرما اپنے شوہر ویرات کوہلی کے ہمراہ اپنی بیٹی وامیکا کی ششماہی سالگرہ منا چکی ہیں۔ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے انوشکا کا کہنا تھا کہ ایک مسکراہٹ پوری دنیا تبدیل کرسکتی ہے۔
آخری بار سن 2018ء میں انوشکا شرما کو فلم زیرو میں دیکھا گیا جس میں شاہ رخ خان سمیت متعدد فنکاروں نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اتھیا شیٹھی کی آخری فلم موتی چور چکنا چور تھی جس میں نواز الدین صدیقی بھی جلوہ گر ہوئے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ انوشکا شرما نے کہا کہ میں اپنی بیٹی کی پرورش کے معاملے پر کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتی، اس لیے کوئی بھی نیا پروجیکٹ قبول نہیں کرتی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ انوشکا شرما نے کچھ عرصے سے بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں دکھائی نہیں دے رہیں۔ اداکارہ کا آئندہ برس 2022ء میں بھی سلور اسکرین پر آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
مزید پڑھیں: بیٹی کی پرورش کے معاملے پر کوئی رسک نہیں لینا چاہتی، انوشکا شرما